0
Monday 3 Jun 2013 18:40

پی پی سندھ کیجانب سے ممتاز علی بھٹو کے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار

پی پی سندھ کیجانب سے ممتاز علی بھٹو کے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے سیکریٹری اطلاعات وقار مہدی نے مسلم لیگ (ن) کے رہنماء ممتاز علی بھٹو کے مختلف اخبارات میں شائع ہونے والے اس بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے کہ جس میں انہوں نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا سندھ اسمبلی میں پہنچنا پہلے سے زیادہ عذاب ثابت ہو گا۔ وقار مہدی نے کہا کہ حالیہ انتخابات میں سندھ کی عوام کی جانب سے مسترد کئے جانے کے بعد ممتاز بھٹو کے سارے خواب چکنا چور ہو گئے ہیں اور عوام نے جو بھرپور اعتماد پیپلز پارٹی پر کیا ہے وہ اس سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی سندھ میں بھاری اکثریت سے کامیابی اور عوام کا دیا گیا مینڈیٹ انہیں ہضم نہیں ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ جمہوری حکومت نے لاکھوں بے روزگار نوجوانوں کو سندھ پبلک سروس کمیشن، آئی بی اے سکھر و دیگر عالمی شہریت یافتہ اداروں کے ذریعے نوکریاں دی ہیں جو کہ میرٹ کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
 
وقار مہدی نے کہا کہ ممتاز بھٹو جیسے جاگیردار اور وڈیرے کے لئے ایک ہزار روپے بھلے معنیٰ نہ رکھتے ہوں پر ایک غریب اور لاوارث عورت کے چولہے کو گرم رکھنے کے لئے یہ رقم معنیٰ رکھتی ہے۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی شفافیت اہمیت اور افادیت کا اعتراف عالمی ساکھ رکھنے والے اداروں نے بھی کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ میں بھاری اکثریت سے کامیابی گذشتہ پانچ سالہ دور حکومت کی کارکردگی اور پارٹی پالیسیوں پر عوامی اعتماد کا اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ممتاز بھٹو کچھ بھی کر لیں عوام نے انہیں پہلے بھی مسترد کیا ہے اور آئندہ بھی ناکامی ان کا مقدر رہے گی وہ ایک کونسلر کا الیکشن نہیں جیت سکتے اور پیپلز پارٹی کا ایک ادنیٰ سا کارکن ان کو ہر الیکشن میں عبرتناک شکست دے گا۔
خبر کا کوڈ : 270343
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش