QR CodeQR Code

حکومت قوم کو عالمی مالیاتی اداروں کی معاشی غلامی سے نجات دلائے، علامہ ریاض شاہ

3 Jun 2013 20:35

اسلام ٹائمز:جماعت اہلسنت کے مرکزی ناظم اعلیٰ کاکہناہے کہ وقت آ گیا ہے کہ تعمیر پاکستان کے لیے قومی قیادت متحد ہو جائے اور تمام سیاسی راہنما جذباتی فضا سے نکل کر سنجیدہ سیاست شروع کریں۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اہلسنّت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلیٰ علامہ سیّد ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ قومی قیادت قومی مسائل کے حل کے لیے متحد ہو جائے، پاکستان کے لہولہان جسم کو اب مرہم کی ضرورت ہے، پرامن انتقال اقتدار خوش آئند ہے، میاں نواز شریف روایت شکن اور روایت ساز حکمران بنیں، سیاسی قوتیں ٹکراؤ اور تصادم کی بجائے مفاہمت اور مصالحت کا راستہ اپنائیں،نئے حکمرانوں کو مسائل کو شکست دینے کے لیے عزم اور حوصلے سے کام لینا ہو گا، نئی حکومت بجلی چوری روک کر اور بجلی کے بلوں کی وصولی یقینی بنا کر توانائی کا آدھا بحران ختم کر سکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ نئی حکومت قوم کو عالمی مالیاتی اداروں کی معاشی غلامی سے نجات دلائے کیونکہ معاشی آزادی کے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا، پی آئی اے، ریلوے اور سٹیل مل کو خسارے سے نکالنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں

انہوں نے مزید کہاکہ آئین اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنا کر ہی جرم، حق تلفی، بے انصافی اور کرپشن سے ملک کو پاک کیا جا سکتا ہے، کرپشن کے ناسور نے ملکی اداروں کو کھوکھلا کر دیا ہے اس لیے سرکاری اداروں کو کرپشن کی دیمک سے پاک کئے بغیر ترقی اور خوشحالی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا، وقت آ گیا ہے کہ تعمیر پاکستان کے لیے قومی قیادت متحد ہو جائے اور تمام سیاسی راہنما جذباتی فضا سے نکل کر سنجیدہ سیاست شروع کریں۔ نئی حکومت کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے بہتر حکمت عملی، استقامت اور خلوص نیت سے کام لینا ہو گا۔ نئے حکمران سمجھوتوں کی سیاست کی بجائے صاف ستھری سیاست کو شعار بنائیں۔


خبر کا کوڈ: 270387

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/270387/حکومت-قوم-کو-عالمی-مالیاتی-اداروں-کی-معاشی-غلامی-سے-نجات-دلائے-علامہ-ریاض-شاہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org