0
Monday 3 Jun 2013 20:41

امریکی مداخلت کا خاتمہ ہی تمام مسائل کا حل ہے، صاحبزادہ حامد رضا

امریکی مداخلت کا خاتمہ ہی تمام مسائل کا حل ہے، صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ امریکہ اور طالبان سے نجات کے لیے تمام جماعتیں مشترکہ حکمت عملی وضع کریں، پاکستان کی خودمختاری امریکی وہائٹ ہاؤس میں گروی رکھی جا چکی ہے، نئی حکومت امریکی غلامی کی زنجیریں توڑ ڈالے، امریکی مداخلت کا خاتمہ ہی تمام مسائل کا حل ہے، نواز شریف امریکہ کی بجائے اللہ سے ڈریں گے تو کامیاب ٹھہریں گے، سیاست کو ریاست بچانے کا ذریعہ بنانا ہوگا، ہم نئے حکمرانوں کو وعدے یاد دلاتے رہیں گے، قوم ظلم سہنے کی عادت چھوڑ دے۔

سنی اتحاد کونسل کے تھنک ٹینک کے ماہانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اہل حق پاکستان میں امریکی ایجنڈے کی مزاحمت جاری رکھیں گے، مسلم لیگ نون ڈرون حملوں، بگٹی کیس، جنرل مشرف پر غداری کے مقدمے، لاپتہ افراد اور عافیہ صدیقی پر اپنی پالیسی واضح کرے، جنرل مشرف کو محفوظ راستہ ملا تو ذمہ دار نواز شریف ہوں گے، بلوچستان میں ڈاکٹر عبدالمالک کو وزیراعلٰی نامزد کرنے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ اجلاس میں الیکشن کے نتائج پر تفصیلی غور و فکر کرکے آئندہ کی حکمت عملی طے کی گئی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ نجی لشکروں اور مسلح جتھوں کا خاتمہ ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے۔ نئی حکومت مسلح گروپوں کے خلاف ٹھوس کارروائی کرے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے فیصلے لندن، واشنگٹن اور دبئی کی بجائے اسلام آباد میں ہوں گے تو حقیقی انقلاب آئے گا اور قومی اسمبلی کی پیشانی پر تحریر کلمۂ طیّبہ جب اس عمارت میں بیٹھنے والے ممبران کی روحوں میں اترے گا تو پاکستان کی تقدیر بدلے گی۔ حامد رضا نے کہا کہ غریب عوام کے لیے زندگی ایک سزا بن چکی ہے، اس لیے حکومت محروم طبقات کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لیے جنگی بنیادوں پر کام کرے۔ انہوں نے کہا کہ داغدار انتخابی نتائج کو ملک کے وسیع تر مفاد میں قبول کیا ہے۔ الیکشن کمیشن فری اینڈ فیئر الیکشن نہیں کرا سکا۔
خبر کا کوڈ : 270393
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش