QR CodeQR Code

سردار عزیر بلوچ کی سردار ایاز صادق کو قومی اسمبلی کا اسپیکر منتخب ہونے پر مبارکباد

4 Jun 2013 17:42

اسلام ٹائمز: اپنے بیان میں کراچی سٹی الائنس کے چیئرمین نے کہا کہ امید ہے کہ نومنتخب اسپیکر قومی اسمبلی، سابقہ اسپیکر فہمیدہ مرزا کی طرح مفاہمتی سیاست کے تحت ملکی بقاء و استحکام کیلئے مثبت کردار ادا کرینگے۔


اسلام ٹائمز۔ کراچی سٹی الائنس کے چیئرمین سردار عزیر جان بلوچ نے پاکستان مسلم لیگ ﴿ن﴾ کے سینئر رہنماء سردار ایاز صادق کو قومی اسمبلی کے اسپیکر اور مرتضیٰ جاوید عباس کو ڈپٹی اسپیکر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابقہ اسپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا نے جس دانشمندی اور حکمت عملی کے ساتھ حزب اختلاف اور حزب اقتدار کو ساتھ لیکر جس طرح سے پانچ سال سے بلاتفریق ایوان کو چلانے اور حکومت کی پانچ سالہ مدت پوری کرنے میں ان کا بڑا کردار ہے اور ہم پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنماء اور قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق سے بھی یہی توقع کرتے ہیں کہ وہ بھی سابقہ قومی اسمبلی کی اسپیکر فہمیدہ مرزا کی طرح بغیر سیاسی امتیاز کے ملک و قوم کے بہتر مفاد میں انتقامی سیاست کے بجائے مفاہمتی سیاست پر عمل پیرا ہو کر ملک کی بقاء و استحکام کے لئے مثبت کردار ادا کرینگے اور ہمیں امید ہے کہ موجودہ حکومت بھی اپنی پانچ سالہ مدت پوری کریگی۔
 
عزیر بلوچ نے مزید کہا کہ کہ تنہا کوئی ایک سیاسی جماعت ملک کو درپیش چیلنجز کا سامنا نہیں کر سکتی۔ لہذا تمام سیاسی جماعتوں کو آپس کی رنجشیں بلا کر ملک و قوم کے بہتر مستقبل کے لئے ایک آواز ہو کر ایک دوسرے کے ہاتھ مضبوط کرنے ہو نگے تاکہ وطن عزیز کو درپیش چیلنجز کا خاتمہ اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکیں جو ہر پاکستانی کا خواب ہے جس کو پورا کرنا حکومت وقت کے ساتھ ساتھ ہر سیاسی جماعت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر آج بھی ہم نے ملکر ایک دوسرے کے شانہ بشانہ ہو کر ملک کو درپیش مسائل کا حل تلاش نہیں کیا تو ہماری آنے والی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ خوشحال پاکستان اور اسکی تعمیر و ترقی ہر محب وطن پاکستانی کی ذمہ داری ہے جس کا راز ہمارے اتفاق و اتحاد میں مضمر ہے۔


خبر کا کوڈ: 270517

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/270517/سردار-عزیر-بلوچ-کی-ایاز-صادق-کو-قومی-اسمبلی-کا-اسپیکر-منتخب-ہونے-پر-مبارکباد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org