0
Wednesday 5 Jun 2013 17:37

ڈاکٹر عشرت العباد خان کو ہی گورنر سندھ برقرار رکھا جائے، مفتی نعیم

ڈاکٹر عشرت العباد خان کو ہی گورنر سندھ برقرار رکھا جائے، مفتی نعیم
اسلام ٹائمز۔ جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس شیخ الحدیث مفتی محمد نعیم و دیگر علماء کرام نے ان اطلاعات پر تشویش کا اظہار کیا ہے کہ جس کے مطابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کو ان کے عہدے سے ہٹانے کا ذکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی حکومت اتنے اہم عہدے کو سیاسی بھینٹ چڑھانے کے بجائے ملک و قوم کے مفاد میں بہتر فیصلے کرتے ہوئے ڈاکٹر عشرت العباد کو ہی گورنر سندھ برقرار رکھے۔ جامعہ بنوریہ عالمیہ سے جاری بیان میں علماء کرام نے صدر پاکستان آصف علی زرداری، نومنتخب وزیراعظم میاں نواز شریف اور ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے اپیل کی ڈاکٹر عشرت العباد خان کو ہی گورنر سندھ کے عہدے پر برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عشرت العباد خان کی بحیثیت گورنر سندھ اعلیٰ خدمات کا ہر شہری معترف ہے۔ جنہوں نے قوم کے مفاد کے لئے بلارنگ و نسل، زبان و قومیت اور سیاسی و مذہبی وابستگی کو بالائے طاق رکھ کر فیصلے کئے اور کراچی سمیت پورے سندھ کی ترقی و خوشحالی کے لئے عملی اقدامات کئے۔
 
علماء کرام نے کہا کہ جب کبھی شہر کے حالات مخدوش ہوئے یا سیاسی جماعتوں کے مابین کسی ایشو پر تنازعہ ہوا تو ڈاکٹر عشرت العباد خان نے اپنی سیاسی دور اندیشی اور ملک و قوم کی خدمت کے جذبے کی بدولت سیاسی جماعتوں کے مابین ہم آہنگی اور شہر میں امن و امان کی فضاء کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا جس کا ہر شہری معترف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد کا بحیثیت گورنر تقرر اہلیان سندھ کے لئے نعمت سے کم نہیں ہے اور یہ قائد ایم کیو ایم الطاف حسین کی مردم شناسی کا بہترین مظہر ہے۔ جنہوں نے ایک ایسے شخص کو سندھ کے گورنر کے عہدے کے لئے منتخب کیا جن کی کوششوں کی بدولت شہر قائد میں جتنے ترقیاتی کام ہوئے یقیناَ پاکستان کی 65 سالہ تاریخ میں نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اسی طرح گورنر سندھ صوبے اور پاکستان کے معاشی حب کراچی کو امن کا گہوارہ اور دوبارہ روشنیوں کی طرف لوٹانے کے لئے حقیقی معنوں میں کردار ادا کیا۔
خبر کا کوڈ : 270834
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش