0
Friday 7 Jun 2013 00:16

کرم ایجنسی میں نئی قومی مرکزی انجمن کی تشکیل

کرم ایجنسی میں نئی قومی مرکزی انجمن کی تشکیل
اسلام ٹائمز۔ پاراچنار پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس سے حال ہی میں وجود میں آنے والے قومی مرکز (انجمن) کے رہنماؤں نے باری باری خطاب کیا۔ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق ایئر مارشل سید قیصر حسین شاہ، قبائلی سردار سید اقبال میاں اور تازہ وجود میں آنے والے قومی مرکز (انجمن) کے سربراہ کیپٹن ریٹائرڈ علی اکبر اور حاجی اصغر حسین کا کہنا تھا کہ تمام اقوام اور ایجنسی کے مختلف دیہات کے ذمہ دار قبائلی عمائدین سے صلاح مشورے کے بعد عوام کے حقوق کے حصول اور مسائل کے حل کیلئے قومی مرکزی انجمن تشکیل دیدی گئی ہے، جس میں طوری، بنگش اور خوشی قبیلے سمیت تمام قبائل کو نمائندگی دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے حقوق اور مسائل کے علاوہ ایجنسی کا اکثریتی طبقہ طویل عرصہ سے احساس محرومی کا شکار تھا، انکے مسائل سے چشم پوشی کی جا رہی تھی اور حالیہ الیکشن میں ذمہ دار افراد نے غیر منصفانہ فیصلے کئے، جس سے قومی اتحاد کو شدید دھچکہ پہنچا۔ لہذا عوام کے پر زور مطالبے پر ایک مرکزی اور قومی انجمن تشکیل دیدی گئی۔ جس میں ہر قوم اور ہر طبقے سے قابل نمائندے لئے گئے ہیں۔

مشترکہ پریس کانفرنس میں قبائلی عمائدین کا کہنا تھا کہ گذشتہ طویل عرصے سے بہت صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کے ساتھ ساتھ قومی اتحاد کو قائم رکھنے کیلئے بھرپور کوشیشیں کیں، اور قوم کو مزید بحران اور تباہیوں سے بچانے کے لئے خدا کے فضل و کرم سے ایک نمائندہ انجمن کی بنیاد ڈال کر 25 سال بعد قومی اتحاد کو ایک بار پھر قائم کر دیا گیا ہے۔ قبائلی عمائدین کا کہنا تھا کہ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے وہ ملک و قوم اور علاقے کی بہتر مفاد کیلئے کام کریں گے، کیونکہ انہیں کرم ایجنسی کے تمام قبائل، عمائدین اور ہر طبقے کی بھرپور حمایت حاصل ہے، جس کا ثبوت حالیہ انتخابی نتیجے سے بھی ثابت ہوچکا ہے۔
یاد رہے کہ 11 مئی کے انتخابات کے دوران انجمن حسینیہ کی طرف سے ساجد حسین طوری کے حق اور قیصر حسین اور دیگر 14 امیدواروں کے خلاف فیصلے سے عوام میں کافی مایوسی پھیل گئی تھی۔ کرم ایجنسی میں طاری اس مایوسی کو دور کرنے کیلئے قبائلی عمائدین نے پوری قوم کا نمائندہ اور ہر طبقے کے لئے قابل قبول نئی قومی مرکزی انجمن کی بنیاد ڈال دی۔
خبر کا کوڈ : 270988
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش