QR CodeQR Code

میڈیا سیل لیاری کے ترجمان کی متحدہ قومی موومنٹ کے الزام کی سخت مذمت

6 Jun 2013 20:26

اسلام ٹائمز: اپنے بیان میں ترجمان لیاری میڈیا سیل نے کہا کہ متحدہ اپنے کارکنان کے قاتلوں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرنا چاہتی ہے تو بے تکے الزامات سے گریز کرتے ہوئے اصل قاتلوں کو بے نقاب کرے۔


اسلام ٹائمز۔ میڈیا سیل لیاری کے ترجمان نے متحدہ قومی موومنٹ کے الزام کی سخت مذمت کی ہے کہ جس میں انہوں نے گذشتہ روز اپنے کارکنان کے قتل کا الزام پیپلز امن کمیٹی پر لگایا تھا۔ ترجمان نے سخت تردید کرتے ہوئے کہا کہ پچھلے دس روز سے متحدہ قومی موومنٹ اپنے کارکنان کے ماورائے عدالت قتل، اغواء اور ٹارگٹ کلنگ کا ذمہ دار ایجنسیوں کو قرار دیتی رہی ہے تو پھر اچانک پیپلز امن کمیٹی کو مورد الزام ٹہرانے کا مقصد کیا ہے۔ اپنے بیان میں ترجمان نے مزید کہا کہ میڈیا اور صحافی حضرات اچھی طرح جانتے ہیں کہ پیپلز امن کمیٹی کا وجو د اس دن سے ہی ختم ہو گیا تھا جس دن سے صدر پاکستان آصف علی زرداری نے سابق وزیر داخلہ ذوالفقار مرزا کے توسط سے خیر سگالی کے طور پر اسے ختم کر دیا تھا۔
 
ترجمان کا کہنا تھا کہ متحدہ کی تاریخ رہی ہے کہ اپنی سیاسی ساکھ اور اپنا مفاد حاصل کرنے کیلئے اپنے دیرینہ کارکنان کو قتل کرنے سے بھی دریغ نہیں کرتی جبکہ اس کیلئے وہ آخر حد تک جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات مضحکہ خیز ہے کہ متحدہ اپنے کارکنان کے قتل میں کبھی کسی جماعت کو، کبھی طالبان یا ایجنسیوں کو اور کبھی دیگر لوگوں کو ذمہ دار قرار دیتی ہے۔ وہ خود یہ فیصلہ نہیں کر پاتی کہ کسے ملوث کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے یہی بات عیاں ہو رہی ہے کہ جب کبھی بھی ایم کیو ایم اپوزیشن میں ہوتی ہے تو وہ کراچی کے امن کو تہہ و بالا کرنے کیلئے تلی ہوئی ہوتی ہے کہ جس سے وہ مظلوم بن کر اپنے مخالفین کو ہراساں کر سکے۔ ترجمان نے متحد ہ قومی موومنٹ کے رہنماﺅں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ اپنے کارکنان کے قاتلوں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرنا چاہتی ہے تو بے تکے الزامات سے گریز کرتے ہوئے اصل قاتلوں کو بے نقاب کریں۔


خبر کا کوڈ: 271208

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/271208/میڈیا-سیل-لیاری-کے-ترجمان-کی-متحدہ-قومی-موومنٹ-الزام-سخت-مذمت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org