0
Sunday 9 Jun 2013 19:25

وزیراعظم امریکہ کیساتھ کئے گئے خفیہ معاہدے ختم کریں، ثروت قادری

وزیراعظم امریکہ کیساتھ کئے گئے خفیہ معاہدے ختم کریں، ثروت قادری
اسلام ٹائمز۔ سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ حکمران عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کریں، نئی حکومت بننے کے چند گھنٹوں بعد ہی شمالی وزیرستان پر ڈرون حملہ نئے حکمرانوں کیلئے کڑا امتحان ہے، وزیراعظم نواز شریف امریکہ کے ساتھ کیے گئے تمام خفیہ معاہدے ختم کرنے کا اعلان کریں، نئی حکومت لوڈشیڈنگ، مہنگائی، بے روزگاری، لاقانونیت اور ڈرون حملوں جیسے گھمبیر مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرے، کوئلے سے بجلی بنانے کا اعلان خوش آئند ہے، اس پر جلد عملدرآمد کروایا جائے۔

مرکز اہلسنت سے جاری کردہ بیان میں سنی تحریک کے سربراہ کا کہنا ہے کہ مسائل کی شکار قوم نے (ن) لیگ کو اپنا مینڈیٹ اس لئے دیا ہے کہ وہ انکی خواہشات کے مطابق ان کے مسائل حل کرے، اگر نئی حکومت عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام ہوئی تو عوام سڑکوں پر ہوں گے اور ان کا حشر سابق حکمرانوں جیسا ہی ہو گا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ نئی حکومت ملک کو حقیقی آزاد وخودمختار اسلامی فلاحی ریاست بنانے اور عوام کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو انرجی بحران، بیروزگاری اور دہشت گردی کے مسائل سے فوری نمٹنے کے لیے بیانات پر اکتفا کرنے کے بجائے عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پا کستان سنی تحریک اسمبلی کے باہر حقیقی سول اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی۔ پاکستان سنی تحریک حکومت کے تمام مثبت اقدامات کی صرف حمایت نہیں بلکہ عملداری کیلئے مدد کرے گی، عدم برداشت کا خاتمہ، سیاسی شعور کی آگاہی اور متوسط طبقہ کے حقوق کے حصول کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
خبر کا کوڈ : 271979
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش