QR CodeQR Code

طالبان ہمارے داخلی اور امریکہ خارجی دشمن ہے، صاحبزادہ حامد رضا

9 Jun 2013 19:45

اسلام ٹائمز: چیئرمین سنی اتحاد کونسل کا کہنا ہے کہ سپرپاور امریکہ نہیں اللہ ہے، ڈرون حملے مذمت سے نہیں امریکہ کی مرمت سے بند ہوں گے، طالبانی سوچوں کے توڑ کے لیے صوفیاء کی فکر کو اپنانے کی ضرورت ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ طالبان ہمارے داخلی اور امریکہ خارجی دشمن ہے، سپرپاور امریکہ نہیں اللہ ہے، ڈرون حملے مذمت سے نہیں امریکہ کی مرمت سے بند ہوں گے، طالبانی سوچوں کے توڑ کے لیے صوفیاء کی فکر کو اپنانے کی ضرورت ہے، صوفیاء نے انسانیت سے محبت، پیار اور رواداری کا درس دیا، محدثِ اعظم مولانا سردار احمد کی خدمات تاریخ کا روشن باب ہیں، محدثِ اعظم کا نام اور پیغام ہمیشہ زندہ رہے گا، پاکستان اولیاء کا فیضان ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محدثِ اعظم پاکستان حضرت مولانا سردار احمد کے سالانہ عرس کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ نوازشریف عالمی قوتوں سے ڈیل کے تحت اقتدار میں آئے ہیں، لیکن اہل حق نئے حکمرانوں کو قومی مفادات پر سمجھوتہ نہیں کرنے دیں گے، امریکہ سے ڈرون حملوں میں مرنے والے 2200 پاکستانیوں کے خون کا حساب مانگا جائے، امریکہ ڈرون حملوں کے ذریعے سامراجی رعونت کا مظاہرہ کر رہا ہے، ملک کی تقدیر تقریر سے نہیں تدبیر سے بدلے گی۔

انہوں نے کہا کہ 60 ارب ڈالر کا مقروض ملک حکمرانوں کی عیاشیوں اور مراعات کا متحمل نہیں ہوسکتا، اس لیے غیر ترقیاتی، غیر پیداواری سرکاری اخراجات ختم کرکے کفایت شعاری اپنائی جائے، دراندازی روکنے کے لیے افغان بارڈر کو خاردار تار لگا کر سیل کیا جائے، قومی خزانے کو مالِ مفت سمجھ کر بے رحمی سے لوٹنے کی روایت ختم کی جائے، اب قوم جبر پر صبر نہیں کرے گی، کرپشن کے خاتمے کے لیے احتساب آرڈیننس کی جلد منظوری ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار اور اختیار والوں نے مظلوم اور محروم لوگوں کے لیے کچھ نہ کیا تو بدترین انجام سے دوچار ہوں گے۔


خبر کا کوڈ: 271992

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/271992/طالبان-ہمارے-داخلی-اور-امریکہ-خارجی-دشمن-ہے-صاحبزادہ-حامد-رضا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org