0
Monday 10 Jun 2013 00:23

چاروں صوبوں میں مسلم لیگ (ن) کے گورنر تعینات ہونگے، علی اکبر گجر

چاروں صوبوں میں مسلم لیگ (ن) کے گورنر تعینات ہونگے، علی اکبر گجر
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے سیکریٹری اطلاعات علی اکبر گجر نے سندھ کے صوبائی وزیر کے سندھ میں نئے گورنر کی تعیناتی کی خبروں پر شور و غوغا کو لاحاصل بحث قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت سندھ اپنی دوسری اننگ کی ابتداء میں ہی ناکامی کا شکار ہو چکی ہے۔ کراچی سمیت سندھ میں قتل و غارت کا بازار اسی طرح گرم ہے جس طرح چند ماہ پیشتر تھا۔ صوبائی وزیر مسلم لیگ (ن) کے مینڈیٹ کو چیلنج کرنے سے پہلے سندھ کے شہریوں کی آواز پر بھی کان دھریں جو ہر روز سندھ میں انتخابی دھاندلیوں کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ اپنے ایک بیان میں پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے سیکریٹری اطلاعات علی اکبر گجر نے کہا کہ چاروں صوبوں میں آج بھی پیپلز پارٹی کے نامزد گورنر موجود ہیں لیکن یہ ہمارے قائد کی اعلیٰ ظرفی اور جمہوریت پر یقین کی انتہاء ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے مرکز اور صوبائی حکومتوں کے قیام کے باوجود کسی بھی گورنر کو ہٹانے کے لئے کوئی غیر آئینی قدم نہیں اٹھایا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) آئین و قانون کی بالا دستی پر یقین رکھنے والی جماعت ہے۔
 
علی اکبر گجر کا کہنا تھا کہ ہمارے قائد وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کا یہ جمہوری حق ہے کہ وہ پاکستان میں عوامی خدمت کے لئے اپنی ٹیم کا انتخاب کریں لیکن وزیراعظم پاکستان نے ابھی تک کسی غیر آئینی قدم کا سوچا تک نہیں مگر سندھ کے صوبائی وزیر نے ابھی سے شور مچانا شروع کر دیا ہے۔ پیپلز پارٹی جس مینڈیٹ کا ڈھنڈورہ پیٹ رہی ہے اس کی حقیقت الیکشن کمیشن آف پاکستان کے حکام کے بیانات سے واضح ہو چکی ہے۔ سندھ میں عوامی مینڈیٹ کے ساتھ جو کھلواڑ کیا گیا وہ بہت جلد عوام کے سامنے آ جائے گا تاہم مسلم لیگ (ن) جمہوریت کی بقاء کی خاطر کوئی ایسا قدم نہیں اٹھائے گی جس سے جمہوری عمل کے لئے خطرات پیدا ہونے کا احتمال ہو۔
 
اپنے بیان میں علی اکبر گجر نے مزید کہا کہ سندھ کے صوبائی وزیر بے سروپا بیانات اور شور و غل سے پرہیز کریں اور کراچی سمیت سندھ میں امن و امان کی بہتری پر توجہ دیں۔ کراچی کے عوام کو لاشوں کے تحفے دینا بند کروائیں اور پاکستان کی معاشی شہہ رگ کراچی میں صنعتی، کاروباری اور معاشی سرگرمیوں کی بحالی کو یقینی بنائیں۔ سندھ کے حالات بہتر ہونگے تو صوبائی وزیر اور ان کی حکومت کو پریشان ہونے کی کوئی ضرورت باقی نہیں رہے گی۔ چاروں صوبوں میں گورنرز کی تقرری پاکستان مسلم لیگ (ن) کا استحقاق ہے اور آئین کے عین مطابق وقت آنے پر چاروں صوبوں میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے گورنر تعینات ہونگے۔ اس لئے سندھ کے ایک صوبائی وزیر ہماری پارٹی پالیسیوں اور استحقاق پر اپنے خوف کا رنگ چڑھانے کے بجائے اپنی حکومت کی گورننس پر توجہ دیں۔
خبر کا کوڈ : 272046
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش