0
Monday 10 Jun 2013 18:21

نواز شریف ڈرون حملے اور عمران خان نیٹو سپلائی روکیں،سنی اتحاد کونسل

نواز شریف ڈرون حملے اور عمران خان نیٹو سپلائی روکیں،سنی اتحاد کونسل
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ صاحبزادہ فضل کریم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے انقلابِ نظامِ مصطفی برپا کر کے دم لیں گے۔ طالبانائزیشن اور امریکی سامراج کی مزاحمت جاری رکھیں گے۔ اسلام آباد میں اسلام آئے گا تو ملکی مسائل حل ہوں گے۔ دھاندلی زدہ الیکشن کے ذریعے اقتدار میں آنے والے حقیقی تبدیلی نہیں لا سکتے۔ عالمی ڈیزائن کے مطابق طالبان نواز حکومت قائم کی گئی ہے۔ ’’یا رسول اللہ(ص)‘ کہنے والوں کو متحد اور منظم کر کے اہل حق کی سیاسی بالادستی کی جنگ جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ رضویہ جھنگ بازار فیصل آباد میں سنی اتحاد کونسل کے سابق چیئرمین صاحبزادہ فضل کریم کے ختم چہلم کے ہزاروں شرکاء سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ختم چہلم کے اجتماع میں چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور بیرون ممالک سے علماء و مشائخ، اہلسنّت جماعتوں کے قائدین اور سیاسی و سماجی راہنماؤں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اجتماع کے مقررین میں سابق وفاقی وزیر صاحبزادہ سیّد حامد سعید کاظمی، سنی اتحاد کونسل کے سیکرٹری جنرل حاجی محمد حنیف طیب، شیخ الحدیث علامہ محمد شریف رضوی، پیر سیّد عبدالقادر شاہ جیلانی (برطانیہ)، دیوان احمد مسعود، پیر میاں محمد حنفی سیفی، پیر محمد اطہر القادری، طارق محبوب، پیر سیّد محمد اقبال شاہ، صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، محمد نواز کھرل، محمد یعقوب قادری ایڈووکیٹ، مفتی محمد سعید رضوی، مفتی محمد حسیب قادری، صاحبزادہ محمد داؤد رضوی، بیرسٹر وسیم الحسن نقوی، مولانا وزیر القادری، مفتی محمد کریم خان، صاحبزادہ سیّد ضیاء النور، سیّد جواد الحسن کاظمی، پیر طارق ولی چشتی، شیخ محمد ذوالفقار رضوی، پیر ضیاء المصطفیٰ حقانی، مولانا محمد اکبر نقشبندی اور دیگر شامل تھے۔

سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ سنی اتحاد کونسل کو ووٹوں سے نہیں نوٹوں سے ہرایا گیا ہے، تخت اسلام آباد کے نئے شہزادوں نے دعوے اور وعدے پورے نہ کئے تو بدترین انجام سے دوچار ہوں گے، طالبان ہمارے داخلی اور امریکہ خارجی دشمن ہے، سپرپاور امریکہ نہیں اللہ ہے، اس لیے ہمارے حکمران امریکہ کی بجائے اللہ سے ڈرنے کی روش اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ صاحبزادہ فضل کریم نے انتہاپسندی، دہشت گردی اور فرقہ وارانہ قتل و غارت کے خلاف اور استحکام پاکستان کے لیے تاریخی جدوجہد کی۔ صاحبزادہ فضل کریم کی سیاسی زندگی جھوٹ، کرپشن اور منافقت سے پاک تھی۔ وہ حریتِ فکر کے علمبردار تھے۔ ہم صاحبزادہ فضل کریم کے مشن کا جھنڈا سرنگوں نہیں ہونے دیں گے، امریکہ ڈرون حملوں کے ذریعے عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور پاکستان کی خودمختاری کی دھجیاں اڑا رہا ہے،نئے حکمران ڈرون حملے بند نہ کروا سکے تو ہیرو سے زیرو ہو جائیں گے۔

سابق وفاقی وزیر صاحبزادہ سیّد حامد سعید کاظمی نے اپنی تقریر میں کہا کہ صاحبزادہ فضل کریم کی سیاست کا مرکز و محور اسلام اور پاکستان تھا۔ وہ ڈرنے اور جھکنے والے نہیں بلکہ ڈٹ جانے والے بہادر اور دلیر راہنما تھے۔ صاحبزادہ فضل کریم طالبانائزیشن کے خلاف مزاحمت کی علامت تھے۔ حامد سعید کاظمی نے مزید کہا کہ اہل حق نظامِ مصطفی کی آواز دبنے نہیں دیں گے۔ اتحاد اہلسنّت وقت کی اہم ضرورت ہے۔ تمام سیاسی جماعتیں امن کو اپنی پہلی ترجیح بنائیں۔ دہشت گردوں سے مذاکرات 40ہزار سے زائد شہداء کے خون سے غداری ہو گی۔ پاکستان کو عالمی مالیاتی اداروں کی معاشی غلامی سے نکالنا ہو گا۔ میاں نواز شریف ڈرون حملے اور عمران خان نیٹو سپلائی روکیں۔ حالیہ الیکشن میں منتخب ہونے والے اسّی فیصد ممبران اسمبلی 62، 63 پر پورا نہیں اترتے۔ سنی اتحاد کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور سابق وفاقی وزیر حاجی محمد حنیف طیب نے کہا کہ پاکستان کے تمام مسائل کا حل نظامِ مصطفی ہے۔ نئے حکمران فیڈرل شریعت کورٹ کے سود مخالف فیصلے کے خلاف کی گئی حکومتی رِٹ واپس لینے کا اعلان کریں۔ سنی اتحاد کونسل سودی نظامِ معیشت کے خاتمے کے لیے تحریک چلائے گی۔ حنیف طیب نے کہا کہ صاحبزادہ فضل کریم عظیم باپ کے عظیم بیٹے تھے۔ وہ زندگی کی آخری سانس تک اسلام اور پاکستان کے دشمنوں سے مجاہدانہ جنگ لڑتے رہے۔ ان کی وفات سے پاکستانی سیاست کا ایک روشن باب بند ہو گیا ہے۔ حنیف طیب نے کہا کہ بلوچستان میں بدامنی عالمی گریٹ گیم کا حصہ ہے اور کراچی عالمی سازشوں کی آماجگاہ بن چکا ہے۔ سنی

اتحاد کونسل کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل طارق محبوب نے کہا کہ صاحبزادہ فضل کریم مرتے دم تک پاکستان کی سلامتی، استحکام اور بقاء کے لیے سرگرم عمل رہے۔ ان کی منزل انقلابِ نظامِ مصطفی تھی۔ ایمان کی حرارت والے پاک سرزمین پر وائٹ ہاؤس کے ایجنڈے کی مزاحمت کرتے رہیں گے۔ امریکہ کے سفید ہاؤس میں ہمیشہ پاکستان کے خلاف سیاہ فیصلے ہوئے ہیں۔ پیر سیّد عبدالقادر شاہ جیلانی (برطانیہ) نے کہا کہ صاحبزادہ فضل کریم نے ناموسِ رسالت کی نگہبانی، مزاراتِ اولیاء کے تحفظ، فکرِ رضا کے فروغ اور حقوق اہلسنّت کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔ صاحبزادہ فضل کریم کا نام اور مقام ہمیشہ زندہ رہے گا۔ ختم چہلم کے اہم شرکاء میں مسلم لیگ ق کے راہنما رانا زاہد توصیف، پیپلز پارٹی کے راہنما محمد اسماعیل سیلا، نیشنل مسلم لیگ کے صدر امجد وڑائچ، سابق وفاقی وزیر سلیم حیدر گیلانی، پیر سیّد سرور حسین شاہ موسوی، مفتی محمد حسین صدیقی، الحاج سرفراز تارڑ، مولانا محمد علی نقشبندی، صاحبزادہ غلام مرتضیٰ شاذی، مفتی نصیر الدین نصیر رضوی، مفتی محمد رضا المصطفیٰ، ظریف القادری، صاحبزادہ حسین رضا، صاحبزادہ حسن رضا، صاحبزادہ محسن رضا، میاں فہیم اختر، ملک بخش الٰہی، حاجی رانا شرافت علی قادری، معین الحق علوی، پیر میاں غلام مصطفی، مولانا قاری فیض بخش رضوی، علامہ سیّد خرم ریاض شاہ، چوہدری محمد حنیف اور دیگر شامل تھے۔

ختم چہلم میں منظور کی گئی قراردادوں میں مطالبہ کیا گیا کہ طالبان سے مذاکرات سے پہلے آل پارٹیز کانفرنس بلا کر تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں سے مشاورت کی جائے اور انسداد دہشت گردی کی متفقہ قومی پالیسی تیار کی جائے۔ بدترین لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لیے جنگی بنیادوں پر ہنگامی اقدامات کئے جائیں۔ ڈرون حملے روکنے کے لیے امریکہ سے دوٹوک بات کی جائے اور حکومت پاکستان ڈرون حملوں کا معاملہ عالمی عدالت انصاف میں لے جائے۔ قومی اسمبلی کی کارروائی کے آغاز پر تلاوتِ قرآن مجید کے ساتھ نعت بھی پڑھی جائے۔ علامہ خرم رضا قادری، داؤد مصطفی اور پیر سیّد وقار حسین شاہ کے قاتل گرفتار کئے جائیں۔ فیصل آباد میں بارودی مواد سے بھری ہوئی گاڑی سمیت پکڑے جانے والے خطرناک دہشت گرد ملزمان کو رہا کرنے والے سرکاری افسروں اور مقامی ایم پی اے کے خلاف کارروائی کی جائے۔ بلوچستان میں امریکی و بھارتی مداخلت کے ثبوت عالمی اداروں اور اقوام متحدہ میں پیش کئے جائیں۔ کراچی میں قیام امن کے لیے بھتہ خوروں، قانون شکن عناصر اور لینڈ مافیا کو ریاستی گرفت میں لایا جائے۔ اقوام متحدہ برما کے مسلمانوں کے قتل عام کا نوٹس لے اور برمی مسلمانوں کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔
خبر کا کوڈ : 272307
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش