0
Tuesday 11 Jun 2013 08:45

پوری ریاست کا صدر ہوں، ہڑتالوں سے مسائل میں اضافہ ہوتا ہے، سردار یعقوب

پوری ریاست کا صدر ہوں، ہڑتالوں سے مسائل میں اضافہ ہوتا ہے، سردار یعقوب
اسلام ٹائمز۔ صدر آزاد جموں و کشمیر سردار محمد یعقوب خان نے کہا ہے کہ وکلاء ہماری دھرتی کی پہچان ہیں پونچھ کی دھرتی سے تحریک آزادی کشمیر کا آغاز ہوا ہے۔ عدل و انصاف کی فراہمی میں بنچ اور بار کا اہم رول ہوتا ہے۔ ہمارے وکلاء کو اپنی حیثیت منوانے کے لیے خوب محنت اور کوششوں سے ثابت کرنا ہو گا کہ وہ اس معاشرہ اور سوسائٹی کو انصاف فراہم کرنے کے لیے کس قدر متحرک ہیں، چک دہمنی کے لوگوں کو سڑکوں اور واٹر سپلائی کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں جائیں گے۔ قاضی صابر حسین نے ایڈیشنل سیکرٹری صدارتی امور کی حیثیت سے گراں قدر خدمات انجام دی ہیں۔ میں ان کے ہمراہ پارٹی میں شامل ہونے والے تمام افراد کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ ممبر اسمبلی سردار عابد حسین عابد، ممبر اسمبلی وزیر سماجی بہبود محترمہ فرزانہ یعقوب لوگوں کے مسائل حل کرنے کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہیں۔ میں صدر ریاست کی حیثیت سے پوری ریاست کا صدر ہوں ہڑتالوں سے مسائل میں اضافہ ہوتا ہے۔ تحمل مزاجی اور بردباری سے اس علاقے کی تعمیروترقی میں کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار صدر آزاد کشمیر نے دورہ پونچھ کے دوسرے روز ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن راولاکوٹ کے نو منتخب عہدیداروں کی تقریب حلف برداری اور عوامی اجتماع سے خطاب سے خطاب کے دوران کیا۔ 

صدر آزاد ریاست نے کہا کہ پوری دنیا سے آنے والے ٹوریسٹ راستے بند ہونے سے واپس چلے گئے تو ہمارا شدید نقصان ہو گا، میں نے راولاکوٹ میں 22 منصوبوں پر کام شروع کروایا تھا۔ آج راولاکوٹ شجاع آباد ہاڑی گہل سٹرک پر ہڑتال اور بھوک ہڑتال کا کوئی جواز نہیں ہے۔ مسائل بات چیت کے ذریعے عوامی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے حل ہوں گے۔ پرل اسلامک چلڈرن اکیڈمی کا معیار اچھا ہے۔ لوگ کوالٹی ایجوکیشن کے حصول کے لیے کوششیں جاری رکھیں۔ نئے شامل ہونے والے میرے لیے قابل احترام ہیں۔ انہیں ہر ممکن سہولتیں دی جائیں گی۔ اس موقع پر چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سردار عابد حسین عابد، ریٹائرڈ سیکرٹری صدارتی امورقاضی صابر حسین، پی ڈی اے سردار عبدالخالق نے بھی خطاب کیا۔ 

ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی تقریب میں وکلاء، معززین علاقہ، ڈسٹرکٹ جوڈیشری اور خواتین وکلاء کے علاوہ آزاد کشمیر ہائی کورٹ کے جج جسٹس ظہر سلیم بابر نے بھی شرکت کی، صدر آزاد کشمیر نے وکلاء کی طرف سے پیش کردہ مطالبات پر بار ایسوسی ایشن کے لیے پانچ لاکھ روپے دینے اور وکلاء چمبر تعمیر کرنے کے علاوہ بار کونسل کے لیے کالونی تعمیر کرنے، سروس ٹریبونل کا آفس قائم کرنے، بورڈ آف ریونیو کا ڈویژن سطح پر قیام عمل میں لائے جانے کا یقین دلایا۔ صدر بار ایسوسی ایشن کی طرف سے پیش کردہ مطالبات کے علاوہ وکلاء کے ساتھ قریبی تعاون رکھنے اور عدلیہ کے مسائل اور وکلاء کے مسائل حل کرنے کے لیے مشاورت کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ موجودہ حکومت زبانی جمع خرچ کرنے کی بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔ صحافیوں کی کالونی اور وکلاء کی مشترکہ کالونی کے علاہ انہیں علاج کے بہتر مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ انہوں نے وکلاء سے کہا کہ وہ معاشرے اور سوسائٹی کا ایک معزز طبقہ ہونے کے ناطے انصاف کی فراہمی کے ساتھ ساتھ لوگوں کی اصلاح پر توجہ دیں اور ملکی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔ 
خبر کا کوڈ : 272410
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش