0
Wednesday 12 Jun 2013 01:21

شدید گرمی کے باعث گلیشئر پگھلنے لگے، ملک کے بالائی علاقوں میں سیلاب کا خدشہ

شدید گرمی کے باعث گلیشئر پگھلنے لگے، ملک کے بالائی علاقوں میں سیلاب کا خدشہ
اسلام ٹائمز۔ شدید ترین گرمی کے باعث گلیشئر پگھلنے میں تیزی آنے کے بعد دریاوں کے تیور بھی تبدیل ہو رہے ہیں، نوشہرہ میں دریائے کابل میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے جبکہ گلگت بلتستان اور سوات میں بھی دریاوں میں طغیانی سے پانی قریبی آبادیوں میں داخل ہوگیا ہے۔ بلند و بالا پہاڑوں پر جمی برف پگھلنے میں تیزی آنے کے بعد دریاوں کی سطح بھی بلند ہو رہی ہے اور بہاو میں بھی تیزی آگئی ہے۔ بپھرے دریا کی موجیں بے قابو ہونا شروع ہوگئی ہیں۔ سیلاب مرکز نوشہرہ کے مطابق دریائے کابل میں انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے کابل میں پانی کا بہاو ایک لاکھ 20 ہزار کیوسک ہوگیا ہے۔ نوشہرہ کلاں کے متعدد گھروں میں پانی داخل ہوگیا ہے۔ شلاخیل، ماناخیل اور گجر بستی میں 2 فٹ پانی داخل ہوگیا ہے۔ مقامی انتظامیہ نے لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے اور لوگوں نے نقل مکانی شروع کردی ہے۔
 
دریائے سوات کا بے قابو پانی کالام میں دریا کے کنارے آباد گھروں میں داخل ہوگیا ہے اور کالام اتروڑ سڑک کا کچھ حصہ اپنے ساتھ بہا کر لے گیا ہے۔ کالام، بحرین اور فضا گھٹ میں دریا کنارے واقع آبادیوں کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں۔ گلگت میں کارگاہ نالے میں پانی کی سطح بلند ہونے سے جاگیر بسین میں پل کا ایک حصہ ٹوٹنے سے گلگت غذر شاہراہ پر ٹریفک معطل ہوگئی۔ دریائے ہنزہ میں پانی کی سطح بلند ہونے سے شاہراہ قراقرم دو مقامات پر زیرآب آگئی ہے۔ دریائے غذر کے بہاو میں اضافے سے گاوں داماس کے درجنوں گھر زیر آب آگئے ہیں اور لوگوں نے محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی شروع کردی ہے۔
خبر کا کوڈ : 272751
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش