QR CodeQR Code

بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف کی بجائے مہنگائی کا عذاب مسلط کر دیا گیا ہے، سرائیکی رہنما

13 Jun 2013 23:57

اسلام ٹائمز: سرائیکستان قومی کونسل کے رہنمائوں نے کہا کہ ملتان کیلئے میاں شہباز شریف انجینئرنگ یونیورسٹی اور میاں نواز شریف زرعی یونیورسٹی، بہاولپور میں لائیو سٹاک یونیورسٹی اور ڈیرہ غازی خان میں غازی خان یونیورسٹی جو کہ مسلم لیگ ن کے منصوبے ہیں کیلئے بھی فنڈز نہیں دیئے گئے۔


اسلام ٹائمز۔ بجٹ میں عام آدمی کو ریلیف کی بجائے ان پر مہنگائی کا عذاب مسلط کر دیا گیا ہے، پسماندہ سرائیکی وسیب کو کوئی منصوبہ نہیں دیا گیا۔ کاغذ، پنسل اور کتابوں پر ٹیکس علم دشمنی اور بجلی، گھی، چینی کی قیمتوں میں اضافہ غریب دشمنی ہے۔ ن لیگ نے ایک ہفتہ بھی نہ گذرنے دیا اور لوگوں کو مایوس کر دیا۔ ان خیالات کا اظہار سرائیکستان قومی کونسل کی طرف سے بجٹ کے تجزیہ کے ضمن میں منعقد کئے گئے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں پروفیسر شوکت مغل، حاجی حمید الدین انصاری، حیات اللہ خان نیازی، عابد سیال، رانا امیر علی، مظفر بخاری، حاجی عید احمد، ظفر جھنڈیر، جاوید سندھڑ اور مسیح اللہ خان جامپوری نے شرکت کی۔ 

ظہور دھریجہ نے کہا کہ اس قوم کی حالت کیا ہوگی جس کا اپوزیشن لیڈر اجلاس کے دوران اونگھ رہا ہو۔ انہوں نے کہا کہ شادی، حج اور سلائی مشین پر ٹیکس اور صنعتکاروں کیلئے مراعات بہت بڑا ظلم ہے۔ کاشتکاروں کو ریلیف کی بجائے ٹریکٹر کی قیمت بڑھا دی گئی۔ حالانکہ ہمسایہ ملک بھارت میں ٹریکٹر نصف قیمت اور ٹیوب ویل کیلئے بجلی فری ہے۔ سرائیکی وسیب کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے ظہور دھریجہ نے بتایا کہ ملتان فیصل آباد موٹر وے کیلئے صرف اتنا کہا گیا کہ تعمیر کے کام کو جاری رکھنے کیلئے فنڈ دینے کی کوشش کی جائے گی۔ ملتان کیلئے میاں شہباز شریف انجینئرنگ یونیورسٹی اور میاں نواز شریف زرعی یونیورسٹی، بہاولپور میں لائیو سٹاک یونیورسٹی اور ڈیرہ غازی خان میں غازی خان یونیورسٹی جو کہ مسلم لیگ ن کے منصوبے ہیں کیلئے بھی فنڈز نہیں دیئے گئے۔


خبر کا کوڈ: 273435

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/273435/بجٹ-میں-عام-آدمی-کو-ریلیف-کی-بجائے-مہنگائی-کا-عذاب-مسلط-کر-دیا-گیا-ہے-سرائیکی-رہنما

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org