0
Friday 14 Jun 2013 15:58

جمہوری حکومت سیلز ٹیکس کو فوری ختم کرکے عوام کو ریلیف فراہم کرے، ثروت اعجاز قادری

جمہوری حکومت سیلز ٹیکس کو فوری ختم کرکے عوام کو ریلیف فراہم کرے، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہاہے کہ ایک فیصد سیلز ٹیکس میں اضافہ عوام کے جمہوری و آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہے اور عالمی اداروں کو عوام کا استحصال کرنے کی کھلی چھوٹ دینے کے مترادف ہے، سیلز ٹیکس بڑھانے کا عوام نے کوئی مینڈیٹ کسی بھی حکومت کو نہیں دیا، ایک فیصد سیلز ٹیکس بڑھانے کا مطلب مہنگائی میں تین سے چار فیصد اضافہ ہوگا جس سے عام افراد متاثر ہونگے، سیلز ٹیکس براہ راست مینوفیکچر تیار کرنے والی کمپنیوں پر عائد کیا گیا ہے جو کہ عوام کو لولی پاپ دینے کا گورکھ دھندہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے موجودہ بجٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ موجودہ نومنتخب حکومت بڑی مچھلیوں کو ٹیکس کے زمرے میں لاکر معاشی بدحالی کا علاج کرے، ایک فیصد سیلز ٹیکس بڑھنے سے مہنگائی کی شرح تین سے چار فیصد تک بڑھ جائے گی، عام ضرورت کی اشیاء عوام کی قوت خرید سے تجاوز کرجائیں گی، جس سے عوام معاشی بدحالی کا شکار ہوکر جمہوری نظام سے مایوس ہونے کی طرف جاسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کا آئین اور بین الاقوامی چارٹر تو غریب عوام کو سبسڈی کے نام پر ریلیف فراہم کرنے کا عندیہ دے رہا ہے، سیلز ٹیکس میں اضافہ آئین کی بھی خلاف ورزی ہے لہذا موجودہ جمہوری حکومت سے مطالبہ ہے کہ وہ فوری طور سے عوام دشمن ایک فیصد سیلز ٹیکس کو فوری ختم کرکے عوام کو ریلیف فراہم کرے۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ پاکستان سنی تحریک عوام کے حقوق کے لئے جدوجہد کرتی رہے گی اور عوام کو ان کا حق دلانے کیلئے ہر سطح پر آواز بلند کریگی۔
خبر کا کوڈ : 273587
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش