0
Friday 14 Jun 2013 22:05

ڈرون حملے تو نہ رک سکے مگر قوم پر مہنگائی اور جی ایس ٹی کا ڈرون مار دیا گیا، حلیم عادل شیخ

ڈرون حملے تو نہ رک سکے مگر قوم پر مہنگائی اور جی ایس ٹی کا ڈرون مار دیا گیا، حلیم عادل شیخ
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ قائداعظم سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ حکمرانوں کا ہنی مون پیریڈ ختم ہو چکا ہے۔ ڈرون حملے تو نہ رک سکے مگر پوری قوم پر مہنگائی اور جی ایس ٹی کا ڈرون مار دیا گیا۔ انتخابات کے دوران عوام سے کئے گئے وعدے سلطان راہی کی بھڑکیں ثابت ہوئیں۔ مزدور کی تنخواہ 18 ہزار کا وعدہ کرنے والوں نے سرکاری ملازمین کے بچوں کے خواب چکنا چور کر دیئے۔ شیر تو آیا مگر غریب کے بچوں کا مستقبل اور امیدوں کو کھا گیا۔ پڑھے لکھے ماسٹرز نوجوانوں کے لئے وظیفے کا اعلان کرکے ان کی عزت و نفس کو مجروح کرکے انہیں مستحقین کی لسٹ میں شامل کر دیا ہے۔ بہتر ہوتا کہ انہیں روزگار مہیا کرکے اپنے پاﺅں پر کھڑا کیا جاتا۔ پیپلز پارٹی کھل کر اپوزیشن کرے مفاہمت کے نام پر چاپلوسی بند کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

حلیم عادل شیخ نے کہاکہ  لیپ ٹاپ، آشیانہ اسکیم ایک اچھا سراب ہے کیونکہ پنجاب میں لیپ ٹاپ کی تقسیم مستحق نوجوانوں کے بجائے اقربا پروری پارٹی ورکروں اور ایم این اے، ایم پی اے کی سفارشات پر پارٹی ورکروں میں تقسیم کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ پنجاب کی طرح لیپ ٹاپ اسکینڈل دہرانے کے بجائے اس کی شفاف تقسیم کے لئے حکومت سول سوسائٹی اور اپوزیشن پر مشتمل کمیٹی بنائی جائے۔ بچوں کی کتابیں، پینسلیں اور فیسوں میں اضافہ ظلم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انڈیا میں حاجیوں پر سبسڈی دی جا رہی ہے۔ ہمارے یہاں مناسک حج مہنگا کر دیا گیا۔ ثابت ہو گیا کہ سعودی عرب سے فائدہ انتخابات میں کامیابی کے لئے اٹھایا گیا جبکہ امید کی جا رہی تھی کہ سعودی عرب سے تعلقات سے عوام کو فائدہ ہوگا۔ انکا کہنا تھا کہ ملٹی نیشنل کمپنیز کو ٹیکس پر چھوٹ دی گئی جبکہ عام کاروباری مڈل کلاس طبقے کو ٹیکسوں کے پہاڑ تلے دبا دیا گیا اس کی بڑی وجہ موجودہ حکمرانوں کا خود سرمایہ دارانہ طبقے سے تعلق ہے۔
 
حلیم عادل شیخ کا مزید کہنا تھا کہ بے نظیر انکم سپورٹ کے معاملے میں نام بدلنا چھوٹے ذہن کی عکاسی کرتا ہے۔ اگر اسکیم اچھی ہے تو عوام کی دل آزاری کرنے کے بجائے اسے جاری رکھا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی نیا منصوبہ پیش نہیں کیا گیا پرانے منصوبوں کے نام تبدیل کردیئے گئے ہیں۔ ریٹائرڈ ملازمین کے لئے دو ہزار کی پنشن بڑھا کر کوئی تیر نہیں مارا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سبسڈی ختم کرکے عوام کو ملنے والی سہولت سے محروم کر دیا گیا جو حکومت کا فرض تھا اسے پورا نہ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سارا بوجھ ڈال کر سرکولر ڈیٹ چھ مہینے بعد وہیں ہوگی۔ بادشاہ سلامت کی طرح موٹر ویز اور ہائی ویز پر توجہ دی۔ اتنی بڑی خطیر رقم توانائی کے حصول کے لئے خرچ کرتے تو عوام کو زیادہ فائدہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کے سیکٹر میں کالا باغ ڈیم کے علاوہ بہت سے ڈیم بنائے جا سکتے تھے۔
خبر کا کوڈ : 273661
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش