0
Friday 14 Jun 2013 23:13

ایران میں تہران کے علاوہ باقی تمام شہروں میں ووٹنگ کا عمل مکمل، گنتی کا مرحلہ جاری

ایران میں تہران کے علاوہ باقی تمام شہروں میں ووٹنگ کا عمل مکمل، گنتی کا مرحلہ جاری
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوری ایران میں دارالحکومت تہران کے علاوہ باقی تمام شہروں میں صدارتی اور بلدیاتی انتخاب کے لیے ووٹنگ کا عمل مکمل ہوگیا ہے۔ ووٹروں کی بڑی تعداد کے پیش نظر پولنگ کا وقت کئی بار بڑھانا پڑا۔ پہلے سرکاری طور پر اعلان کیا گیا تھا کہ ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شروع ہوکر بغیر کسی وقفے کے شام 6 بجے تک جاری رہے گا۔ آج صبح ووٹنگ کا ٹائم شروع ہونے سے پہلے ہی پولنگ اسٹیشنز کے باہر لوگوں کی لمبی لمبی لائنیں لگنا شروع ہوگئی تھیں۔ لوگوں کے جوش و خروش اور جذبہ کو دیکھتے ہوئے صبح سے ہی اس بات کا امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ شائد پولنگ کے پہلے سے طے شدہ وقت کو بڑھانا پڑے گا، عملاً بھی ایسا ہی ہوا۔ ایران کے مقامی وقت کے مطابق شام کے چھ بجے جب پولنگ کا سرکاری وقت ختم ہونے کے قریب آیا تو ابھی اکثر پولنگ اسٹیشنز پر لوگوں کی لمبی لمبی قطاریں لگی ہوئی تھیں۔ لہذا متعلقہ حکام کو الیکشن کے اس استقبال کر خبر دی گئی اور ساتھ ہی پولنگ کا وقت بڑھانے کی درخواست کی گئی۔

پہلے مرحلے میں پولنگ کا وقت شام چھ بجے سے بڑھا کر سات بجے کر دیا گیا، لیکن پولنگ اسٹیشنز پر لوگوں کے پرجوش ہجوم کی وجہ سے یہ وقت کئی بار بڑھانا پڑا۔ پولنگ کے وقت میں آخری اضافہ مقامی وقت کے مطابق رات دس بجے تک کا گیا۔ رات دس بجے بھی کچھ ایسی رپورٹس موصول ہوئیں جن کے مطابق دارالحکومت تہران کے بعض پولنگ اسٹیشن پر بدستور لوگوں کی بہت بڑی تعداد لمبی لمبی قطاروں میں اپنے ووٹ کا حق استعمال کرنے کی منتظر ہے۔ لہذا وزارت داخلہ نے دارالحکومت تہران کے لئے ووٹنگ کے ٹائم کو ایران کے مقامی وقت کے مطابق رات گیارہ بجے تک بڑھا دیا ہے، جبکہ باقی تمام شہروں اور دیہاتی علاقوں میں پولنگ کا وقت رات دس بجے ختم ہوچکا ہے۔ اور وہاں پر ووٹون کی گنتی کاعمل شروع ہوچکا ہے۔

بعض مبصرین کے مطابق اس بار ایران کے انتخابات میں ووٹنگ کی شرح پہلے ہونے والے انتخابات کے مقابلے میں زیادہ ہے۔ کامیاب امیدوار کے لیے پچاس فیصد سے زائد ووٹ لینا ضروری ہے۔ ایسا نہ ہوا تو اکیس جون کو الیکشن کا دوسرا مرحلہ ہوگا، جس میں آج کے مرحلے میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے دو امیدواروں میں ووٹنگ کرائی جائے گی۔ کامیاب ہونے والا امیدوار ایران کے موجودہ صدر ڈاکٹر محمود احمدی نژاد کی جگہ لے گا جو دو مرتبہ صدر رہنے کے بعد آئین کے مطابق تیسری بار صدر نہیں بن سکتے۔ ادھر پاکستان میں رہنے والے ایرانی شہریوں نے بھی کراچی میں ایرانی قونصل خانے میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا، جن میں ایرانی قونصل جنرل مہدی سبحانی بھی شامل تھے۔
خبر کا کوڈ : 273683
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش