QR CodeQR Code

خیبرپختونخوا، پنجاب اور سندھ کے بجٹ آج پیش کیے جائیں گے

17 Jun 2013 12:10

اسلام ٹائمز: خیبر پختونخوا, پنجاب اور سندھ کی حکومتیں آج مالی سال 2013-14ء کا بجٹ آج بروز پیر مورخہ 17 جون کو پیش کریں گی۔


اسلام ٹائمز۔ لگ بھگ 300 کھرب روپے مالیت کا خیبر پختونخوا کا بجٹ صوبائی وزیر خزانہ سراج الحق پیش کریں گے۔ جس میں تعلیم اور صحت کی مد میں 8 فیصد اضافے اور بجلی کے منصوبوں کے لئے 2 سے 3 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ توقع کی جارہی ہے کہ بلدیاتی انتخابات کا بجٹ بھی بجٹ تجاویز میں شامل ہوگا۔ صوبے کے پسماندہ شہروں کوہستان، تورغر، بٹگرام، شانگلہ، دیر بالا، ٹانک میں صحت اور تعلیم کے حوالے سے خصوصی منصوبوں کا آغاز اور دہشت گردی سے تباہ ہوجانے والے اسکولوں کی دوبارہ تعمیر کی تجویز بھی رکھی گئی ہے۔ اس کے علاوہ سیلاب سے بچاؤ اور متاثرین کی بحالی کے لئے بھی خصوصی منصوبے کی تجویز بجٹ میں شامل کی گئی ہے۔

پنجاب کا متوقع بجٹ تقریباً 860 کھرب روپے مالیت کا ہوگا۔ جسے صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان پیش کریں گے۔ توقع ہے کہ پنجاب کے بجٹ میں صوبائی ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد تک اضافہ کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ بھی کیا گیا ہے کہ لیپ ٹاپ اور آشیانہ اسکیمیں جاری رکھی جائیں گی۔ اس کے علاوہ راولپنڈی اور ملتان میں بھی میٹروبس کےمنصوبوں کا آغاز کیا جائے گا۔ امن و امان کے لیے 72 ارب روپے کی رقم مختص کی جارہی ہے۔ ٹیکسوں کے دائرے کو مزید شعبوں تک وسیع کرنے بھی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ توقع ہے کہ جی ایس ٹی کی شرح 16 سے بڑھا کر 17 فیصد کی جارہی ہے۔ زرعی انکم ٹیکس کی وصولی کا ہدف ایک ارب روپے سے زائد رکھا گیا ہے۔

سندھ کے وزیراعلیٰ قائم علی شاہ اپنے صوبے کا بجٹ پیش کریں گے۔ 652 کھرب روپے مالیت پر مشتمل بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافے اور مختلف محکموں میں 16 ہزار افراد کی بھرتیوں کی تجویز رکھی گئی ہے۔ صوبے میں امن وامان کے لئے 70 ارب ، تعلیم کے لئے 110 ارب روپے جبکہ تھر کول اور سرکلر ریلوے کے منصوبوں کے لئے بھی 110 ارب روپے مختص کرنے کی تجویزپیش کی گئی ہے۔ سندھ کے صوبائی بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہ لگانے کی تجویز دی جارہی ہے۔


خبر کا کوڈ: 274235

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/274235/خیبرپختونخوا-پنجاب-اور-سندھ-کے-بجٹ-آج-پیش-کیے-جائیں-گے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org