QR CodeQR Code

تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ مسترد، پنجاب کے مختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے

17 Jun 2013 23:35

اسلام ٹائمز: مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت نے دس فیصد تنخواہیں بڑھا کر بیس فیصد ٹیکس عائد کر دیا ہے، تنخواہوں میں مزید اضافے کے اعلان تک قلم چھوڑ ہڑتال اور دھرنوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔


اسلام ٹائمز۔ لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں میں سرکاری ملازمین نے حکومت کی جانب سے تنخواہوں میں دس فیصد اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کم از کم پچیس فیصد اضافے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جب تک مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے قلم چھوڑ ہڑتال اور دھرنوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن کے زیراہتمام لاہور، فیصل آباد، حافظ آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ننکانہ صاحب، مظفر گڑھ، سرگودھا سمیت بیشتر شہروں میں سرکاری ملازمین نے تنخواوں میں اضافے کے لیے احتجاجی مظاہرے کیے اور دھرنے دئیے۔ لاہور سول سیکریٹریٹ میں ملازمین نے تنخواہوں میں اضافے کے لیے احتجاج کرتے ہوئے دو گھنٹے قلم چھوڑ ہڑتال کی۔ مظفرگڑھ میں ڈی سی او اور ای ڈی او ایجوکیشن کے دفاتر کے سامنے مختلف سرکاری محکموں کے ملازمین نے احتجاجی مظاہرہ کرنے کے بعد دو گھنٹے سے زائد دھرنا دیا۔ حافظ آباد، ملتان اور ننکانہ صاحب میں ای ڈی او ایجوکیشن آفس کے سامنے ملازمین کی بڑی تعداد نے احتجاج کیا اور دھرنا دیا۔ اس موقع پر شرکاء نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ ملازمین کا کہنا تھا کہ مہنگائی میں اضافے کے تناسب سے تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے۔ حکومت نے دس فیصد تنخواہیں بڑھا کر بیس فیصد ٹیکس عائد کر دیا ہے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ تنخواہوں میں مزید اضافے کے اعلان تک قلم چھوڑ ہڑتال اور دھرنوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔


خبر کا کوڈ: 274478

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/274478/تنخواہوں-میں-10-فیصد-اضافہ-مسترد-پنجاب-کے-مختلف-شہروں-احتجاجی-مظاہرے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org