QR CodeQR Code

جی ایس ٹی میں اضافہ واپس نہ لیا تو سراپا احتجاج بن جائینگے، کراچی تاجر اتحاد

18 Jun 2013 23:49

اسلام ٹائمز: اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عتیق میر نے کہا کہ بجٹ میں محصولات کا میٹھا پھل آئی ایم ایف نے کھایا، مہنگائی کی کڑوی گولی عوام کو نگلنا پڑی۔


اسلام ٹائمز۔ آل کراچی تاجر اتحاد نے اعلان کیا ہے کہ جی ایس ٹی میں اضافہ فی الفور واپس نہ لیا گیا تو چھوٹے تاجر موجودہ حکومت سے ہر قسم کا تعاون ختم کرکے سراپا احتجاج بن جائینگے۔ براہِ راست ٹیکسوں کی ادائیگی روک کر محکمہ ٹیکسیشن کی تفتیشی ٹیموں کو مارکیٹوں میں داخل ہونے سے روک دیا جائیگا۔ آل کراچی تاجر اتحاد کے چیئرمین عتیق میر کی زیرِصدارت آرام باغ فرنیچر مارکیٹ میں منعقد کئے گئے ایک نمائندہ اجلاس میں تاجروں نے کہا کہ تاجر اور عوام بدترین بدامنی اور اعصاب شکن معاشی حالات میں جی ایس ٹی میں اضافے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ وفاقی بجٹ کے مسوّدے سے ان تمام نکات کو خارج کیا جائے جو مہنگائی میں اضافے کی صورت میں عام آدمی کی معاشی زندگی پر اثرانداز ہوتے ہوں۔

تاجروں نے کہا کہ وفاقی مالیاتی بجٹ نومنتخب حکومت کے انتخابی وعدوں اور دعوﺅں کی کھلی نفی ہے۔ پرفریب اعداد و شمار کے ذریعے عوام کو پانچ روپے دے کر پچاس روپے واپس لے لئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ نومنتخب حکومت نے عوام کا بھاری مینڈیٹ بدترین مہنگائی کی صورت میں عوام کے منہ پر مار دیا ہے۔ اس موقع پر عتیق میر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں محصولات کا میٹھا پھل آئی ایم ایف نے کھایا، مہنگائی کی کڑوی گولی عوام کو نگلنا پڑی۔ انھوں نے وفاقی بجٹ کو غیر حقیقی اعداد و شمار کا پرفریب پلندہ اور سیاسی شعبدہ بازی کا بہترین نمونہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ سودی قرض دینے والے مالیاتی اداروں کی خواہشات کا مجموعہ ہے۔ بجٹ پر 1154 ارب روپے سود کی لعنت کے سائے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 274790

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/274790/جی-ایس-ٹی-میں-اضافہ-واپس-نہ-لیا-سراپا-احتجاج-بن-جائینگے-کراچی-تاجر-اتحاد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org