QR CodeQR Code

کشمیر میں تحریک آزادی کی جنگ لڑنے والے مجاہد ہیں، برجیس طاہر

19 Jun 2013 10:18

اسلام ٹائمز: آمریت کے دور میں مسئلہ کشمیر کو جو نقصان پہنچایا گیا اس کا ازالہ کریں گے۔ مسئلہ کشمیر موثر انداز میں عالمی سطح پر اٹھائیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر امور کشمیر چوہدری برجیس طاہر نے کہا ہے کہ آمریت کے دور میں کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو جو نقصان پہنچایا گیا اس کا ازالہ کیا جائے گا اور کشمیری سیاسی جماعتوں سے روابط بڑھائے جائیں گے۔ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی پالیسی میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ کشمیر میں تحریک آزادی کی جنگ لڑنے والے مجاہد ہیں اور ان کی اخلاقی و سیاسی حمایت جاری رکھیں گے۔ گذشتہ روز ایک ٹی وی پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ (ن) لیگ کی حکومت عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو موثر انداز میں اجاگر کرے گی اور اقوام متحدہ سمیت ہر بڑے فورم پر عملی اقدامات اٹھائے گی۔ 

چوہدری برجیس طاہر نے کہا کہ ہماری حکومت مسئلہ کشمیر پر صرف کھوکھلے نعرے اور بیان بازی تک محدود نہیں رہے گی بلکہ بھارت کے ساتھ سنجیدگی سے مذاکرات کا عمل آگے بڑھائے گی۔ نواز شریف نے اپنے پہلے دور اقتدار میں مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے تھے۔ انھوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں تحریک آزادی میں حصہ لینے والے افراد کسی کے خلاف جنگ نہیں لڑ رہے بلکہ اپنی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں اور آزادی ہر کسی کا حق ہے۔ بھارت کو چاہیے کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دے۔ انھوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر بدستور ہماری خارجہ پالیسی کا محور رہے گا۔ ہم قائداعظم کے فرمان کے مطابق کشمیر کو اپنی شہ رگ سمجھتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 274843

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/274843/کشمیر-میں-تحریک-آزادی-کی-جنگ-لڑنے-والے-مجاہد-ہیں-برجیس-طاہر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org