0
Wednesday 19 Jun 2013 12:13

عوام دشمن صوبائی بجٹ ثابت کرتا ہے کہ پیپلز پارٹی عوام دشمن جماعت ہے، علی اکبر گجر

عوام دشمن صوبائی بجٹ ثابت کرتا ہے کہ پیپلز پارٹی عوام دشمن جماعت ہے، علی اکبر گجر
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے سیکریٹری اطلاعات علی اکبر گجر نے سندھ کے بجٹ کو عوام دشمن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے عام شہری کی بہتری کے لئے اقدامات سے گریز کرتے ہوئے ایسے تمام منصوبے پس پشت ڈال دئیے ہیں جن کا براہ راست عام آدمی کو فائدہ ہو سکتا تھا۔ ٹیکسوں کا بوجھ عام کی طرف بڑھا دیا گیا ہے جبکہ مراعات یافتہ افراد کو مزید سہولتیں دے کر یہ ثابت کر دیا ہے کہ پیپلز پارٹی دراصل عوام دشمن جماعت ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی سیکریٹری اطلاعات علی اکبر گجر صوبائی میڈیا سیل میں مختلف وفود کے ساتھ سندھ کے بجٹ کے اہم نکات پر گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کی عوام پر پراپرٹی ٹیکس عام شہری سے اپنی چھت کا تصور بھی چھین لے گا۔ انفرا اسٹرکچر فیس کی شرح میں اضافے کا بوجھ بھی عام شہری پر آ کر ٹھہرے گا جس کی وجہ سے سندھ کے دیہی اور شہری دونوں طبقات کی زندگی اجیرن ہو جائے گی۔ سندھ میں جی ایس ٹی کا سارا بوجھ کاروباری طبقے پر پڑے گا جو بلواسطہ طور پر عام صارف کو برداشت کرنا پڑے گا۔
 
علی اکبر گجر نے کہا کہ صوبائی فنانس کمیشن کی تشکیل نہ کرکے صوبائی حکومت نے اپنی بدنیتی کا اظہار کر دیا ہے۔ اس طرح صوبائی حکومت ضلع اور تحصیل کے فنڈ بھی اپنے من پسند اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے ذریعے خود استعمال کر ے گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی اور مستقبل میں اس کے ادراک کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی اور نہ ہی ماضی کے سیلابوں کی وجہ سے سندھ کی تباہ شدہ شاہراہوں کے لئے کوئی جامع منصوبہ سامنے آیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی، حیدرآباد، سکھر، میرپور خاص جیسے بڑے شہروں کو میگا پروجیکٹس سے محروم رکھا گیا ہے۔ علی اکبر گجر نے سندھ کے بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے عام انتخابات میں بدترین شکست سے کوئی سبق حاصل نہیں کیا اور بدستور عوام دشمن پالیسیوں پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا طرز حکمرانی یہی رہا تو بہت جلد سندھ کے عوام بھی انہیں مسترد کر دیں گے اور سندھ کے نام نہاد مینڈیٹ کا پول کھل جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 274857
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش