0
Thursday 20 Jun 2013 18:50

پاکستان کے تمام مسائل کا حل امریکی مداخلت کا خاتمہ ہے، منور حسن

پاکستان کے تمام مسائل کا حل امریکی مداخلت کا خاتمہ ہے، منور حسن
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے امریکہ اور طالبان کے درمیان ہونے والے مذاکرات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم شروع دن سے مذاکرات کے ذریعے مسائل حل کرنے پر زور دیتے رہے ہیں لیکن 12 سالہ تباہ کن جنگ کے بعد امریکہ کو مذاکرات کی میز بچھانا پڑی ہے، بہت دیر بعد امریکہ کی سمجھ میں یہ بات آئی ہے، اب پاکستانی قیادت کو بھی فوری طور پر فوجی آپریشنوں کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے مذاکرات کی طرف آنا ہوگا، جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں، بڑی سے بڑی اور طویل جنگیں بھی مذاکرات کی میز پر ختم ہوتی ہیں، جب تک حکومت اور فوج مل بیٹھ کر قیام امن کے لیے مذاکرات کی میز نہیں بچھاتے، ملک میں دہشتگردی کا خاتمہ ممکن نہیں۔

لاہور میں کارکنوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اب امریکہ کے پاس پاکستان کو مذاکرات سے دور رکھنے کا کوئی اخلاقی جواز موجود نہیں، خطے میں دیرپا امن کے لیے ضروری ہے کہ امریکہ اپنی افواج کو افغانستان سے جلد از جلد نکالنے کا انتظام کرے اور مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانے کے لیے فوج کے مکمل انخلا کی شرط کو تسلیم کر لے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ افغانستان کی اصل قوت اور متحارب فریق سے مذاکرات کرنے کا پابند ہے۔ سید منور حسن نے کہا کہ کرزئی کی طرف سے مذاکرات میں شرکت کا مطالبہ درست مگر معاہدے کے اصل فریق امریکہ اور طالبان ہی ہیں ۔ کرزئی کی حیثیت امریکی مہرے سے بڑھ کر نہیں، کرزئی کو اپنی ضد اور ہٹ دھرمی سے مذاکرات میں تعطل نہیں ڈالنا چاہیے، ان کی غیر سنجیدہ کوششوں سے خطے سے امریکی و نیٹو افواج کے انخلا میں بھی تعطل پیدا ہو سکتا ہے جس کا نقصان افغانستان کے ساتھ پاکستان کو بھی ہو گا۔

سید منور حسن نے کہا کہ اب حکومت پاکستان بھی بلاتاخیر طالبان سے مذاکرات کا آغاز کرے اور اس موقع کو غنیمت جانتے ہوئے امریکہ پر بھی واضح کر دیا جائے کہ پاکستان امریکی جنگ کی وجہ سے ناقابل تلافی نقصان اٹھا چکا ہے، اب ہم مزید اس جنگ میں شامل رہ سکتے ہیں نہ اپنے شہریوں کو اس جنگ کی آگ کا ایندھن بنا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی اور بدامنی سمیت غربت، مہنگائی، بے روزگاری اور لاقانونیت کا واحد علاج پاکستان کے اندرونی معاملات میں امریکی مداخلت کا خاتمہ ہے، جب تک ہم امریکی چوکھٹ پر سجدہ ریز رہیں گے، ہماری آزادی و خود مختاری اور سلامتی خطرات میں گھری رہے گی۔
خبر کا کوڈ : 275338
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش