0
Friday 21 Jun 2013 19:20

پشاور بم دھماکہ عمران خان حکومت کیلئے ٹیسٹ کیس ہے، علامہ طاہرالقادری

پشاور بم دھماکہ عمران خان حکومت کیلئے ٹیسٹ کیس ہے، علامہ طاہرالقادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان عوامی تحریک کے قائد شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے ایم کیو ایم کے ایم پی اے ساجد قریشی، انکے معصوم بیٹے کے بیہمانہ قتل اور پشاور دھماکے کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سفاکانہ قتل کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا امن تباہ ہو گیا ہے کسی کی جان و مال اور عزت محفوظ نہیں، عوامی نمائندے اور مساجد تک محفوظ نہیں تو عام آدمی کا کیا حال ہو گا، حکومت ساجد قریشی اور انکے بیٹے کے قاتلوں کو جلد گرفتارکر کے کیفر کردار تک پہنچائے اور ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے سنجیدہ اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور بم دھماکا تحریک انصاف کی حکومت کے لئے ٹیسٹ کیس ہے، دیکھتے ہیں دہشت گردوں کے خلاف عمران خان کی حکومت کیا کرتی ہے۔

انہوں نے کہاکہ یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ انسانی جانوں کا ضیاع اب بھی ہمارے معاشرے کا سب سے بڑا المیہ ہے مگر افسوس دہشت گردی اور بم دھماکوں کے فتنے کو کچلنے کیلئے نہ ہی ریاستی عزم دکھائی دیتا ہے اور نہ پلاننگ، امن و امان انتہائی خراب ہے جسکی وجہ سے بیرونی دنیا میں پاکستان کا امیج شدید متاثر ہو رہا ہے، نام نہاد جمہوری نظام انتخاب نے معاشرے کو خون میں نہلا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف ٹھوس قانون سازی پارلیمنٹ کی ذمہ داری تھی مگر آج تک کرپٹ نظام کے تحت تشکیل پانیوالی کسی بھی پارلیمنٹ نے دہشت گردی کے خلاف ایک بھی قانون منظور نہیں کیا، وقت آ گیا ہے کہ عوام موجودہ نظام انتخاب کو مکمل مسترد کر کے حقیقی جمہوریت قائم کریں، دہشت گردی کے ناسور سے نجات پانے کا بس یہی راستہ ہے۔ انہوں نے پشاور بم دھماکے میں شہید ہونیوالوں کیلئے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی صحتیابی کیلئے خصوصی دعا کی۔
خبر کا کوڈ : 275580
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش