QR CodeQR Code

عوامی مینڈیٹ چوری کرنے پر 26 جون کو احتجاج کریں گے، راجہ فاروق

22 Jun 2013 09:33

اسلام ٹائمز: حکومت آزاد کشمیر کو اقتدار سے ہٹانے کے کئی طریقے موجود ہیں جنھیں وقت آنے پر استعمال کیا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ نواز آزاد کشمیر کے صدر و قائد حزب اختلاف راجہ محمد فاروق خان نے 26 جون کو آزاد کشمیرمیں احتجاج منانے کا اعلان کیا ہے۔ سینٹرل پریس کلب میں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 26 جون 2011ء کے الیکشن میں آزاد کشمیر میں دھاندلی کے ذریعے عوام کا مینڈیٹ چوری کیا گیا تھا۔ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر الیکشن میں دھاندلی کے خلاف احتجاج کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے جمہوریت کے تسلسل کے لیے بطور احتجاج اسمبلی کا حلف اٹھایا تھا۔ راجہ فاروق نے کہا کہ حکومت آزاد کشمیر کو اقتدار سے ہٹانے کے کئی طریقے موجود ہیں جنہیں وقت آنے پر استعمال کیا جائے گا۔ کشمیرکونسل کے ملازمین سے متعلق آزاد کشمیر ہائیکورٹ کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں۔ انھوں نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم انرجی اور آزاد کشمیر میں زلزلہ سے متاثرہ علاقوں میں سکولوں کی تعمیر کے لیے مختص کرنے کا مطالبہ کیا۔ 

راجہ فاروق نے کہا کہ تعمیر نو کے 55 ارب روپے کی واپسی کے لیے وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف سے بات کروں گا۔ انھوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مذہبی رواداری کو ختم کرنے اور پرامن حالات تباہ کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ انھوں نے کہا کہ اربوں روپوں کے ترقیاتی ٹھیکہ جات وزیرہائوسنگ پرویز اشرف اور ناظم تعمیرات عامہ نے حکومتی ایماء پر جیالوں میں تقسہم کیے یہ تمام ٹھیکہ جات غیر قانونی ہیں اس کی اعلی سطح پر تحقیقات کرائی جائیں۔


خبر کا کوڈ: 275687

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/275687/عوامی-مینڈیٹ-چوری-کرنے-پر-26-جون-کو-احتجاج-کریں-گے-راجہ-فاروق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org