QR CodeQR Code

دہشت گردوں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کیا جائے،سنی اتحاد کونسل

22 Jun 2013 23:02

اسلام ٹائمز:اہلسنت رہنماؤں نے پشاور میں حسینیہ مدرسہ پر خودکش حملے اور کراچی میں ایم کیو ایم کے ایم پی اے کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کی تازہ لہر ملکی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے راہنماؤں صاحبزادہ حامد رضا، حاجی محمد حنیف طیب، پیر فضیل عیاض قاسمی، پیر محمد اطہر القادری، طارق محبوب، محمد نواز کھرل، پیر سیّد محمد اقبال شاہ، مفتی محمد سعید رضوی، مفتی محمد حسیب قادری، صاحبزادہ عمار سعید سلیمانی، میاں فہیم اختر، شیخ ذوالفقار رضوی، بیرسٹر وسیم الحسن نقوی، مولانا محمد اکبر نقشبندی، اور الحاج سرفراز تارڑ نے پشاور میں حسینیہ مدرسہ پر خودکش حملے اور کراچی میں ایم کیو ایم کے ایم پی اے کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں دہشت گردی کی تازہ لہر ملکی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ حکومتی رٹ کہیں بھی دکھائی نہیں دیتی، حکومت دہشت گردوں کی سرکوبی کے لیے فیصلہ کن اقدامات کرے اور دہشت گردوں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن کیا جائے، عوام کی جان و مال کا تحفظ ریاست کی آئینی اور بنیادی ذمہ داری ہے، دہشت گرد ریاستی طاقت پر غالب آتے جا رہے ہیں، وقت آ گیا ہے کہ حکومت، اپوزیشن، عسکری قیادت اور پوری قوم دہشت گردی کے مسئلے پر یکساں مؤقف اختیار کرے کیونکہ دہشت گردی ناسور بن چکی ہے اور بڑھتی ہوئی بدامنی نے ملک کی جڑوں کو کھوکھلا کر دیا ہے۔

سنی اتحاد کونسل کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ کراچی میں جرائم پیشہ افراد مسلح جتھوں کی شکل اختیار کر چکے ہیں، پچھلی حکومتوں کے دور میں اسلحہ لائسنس سیاسی رشوت کے طور پر ریوڑیوں کی طرح بانٹے گئے، اس وقت پورا ملک اسلحہ خانہ بن چکا ہے، ملک میں ناجائز اسلحہ کو ختم کرنے کی مہم شروع کی جائے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں اسلحہ ختم کیئے بغیر امن کاقیام ممکن نہیں۔ رہنماؤں نے کہاکہ دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں کوئی دباؤ قبول نہ کیا جائے کیوں کہ اس میں ملکی مفاد مضمر ہے۔


خبر کا کوڈ: 275865

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/275865/دہشت-گردوں-کے-خلاف-ٹارگٹڈ-آپریشن-کیا-جائے-سنی-اتحاد-کونسل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org