QR CodeQR Code

قطر میں فرینڈز آف سیریا کا اجلاس، شامی باغیوں کی سیاسی اور فوجی مدد کرنے پر اتفاق

23 Jun 2013 01:54

اسلام ٹائمز: اجلاس میں شریک فرانسیسی وزیر خارجہ لورنٹ فیبئس کا کہنا تھاکہ تمام ممالک نے حزب اللہ اور ایران سے مطالبہ کیا کہ وہ شامی صدر بشار الاسد کی مدد اور وہاں اپنی خفیہ دخل اندازی بند کریں۔


اسلام ٹائمز۔ قطر کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ فرینڈز آف سیریا کے اجلاس میں رکن ممالک نے شام کے باغیوں کی فوجی اور سیاسی مدد کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ شام میں جاری خانہ جنگی اور اس کی وجہ سے مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر پڑنے والے اثرات کے حوالے سے دارالحکومت دوحہ میں مذاکراتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں برطانیہ، مصر، فرانس، جرمنی ، اٹلی، قطر، اردن، سعودی عرب، ترکی، متحدہ عرب امارات اور امریکا کے اعلیٰ سطح کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے قطر کے وزیراعظم شیخ حماد بن جاسم الثانی نے بتایا کہ اجلاس کے دوران شام کی فوج کے موجودہ توازن اور ملک کی موجودہ صورتحال میں تبدیلی کے حوالے سے خفیہ فیصلے کئے گئے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اجلاس میں شریک 2 کے علاوہ دیگر تمام ممالک نے فوجی کونسل کے ذریعے شامی باغیوں کو مدد فراہم کرنے کے طریقے سے اتفاق کیا ہے۔ قبل ازیں اجلاس میں شریک فرانسیسی وزیر خارجہ لورنٹ فیبئس کا کہنا تھا کہ تمام ممالک نے حزب اللہ اور ایران سے مطالبہ کیا کہ وہ شامی صدر بشار الاسد کی مدد اور وہاں اپنی خفیہ دخل اندازی بند کریں۔ واضح رہے کہ یہ فیصلہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ جب شامی افواج القصیر کے معرکہ کی فتح کے بعد حلب میں باغیوں کے خلاف بڑا آپریشن کرنے جارہی ہے، جس کے بارے میں کہا جارہا ہے کہ اس آپریشن میں حلب سے بھی شام میں موجود القائدہ کے دہشت گردوں کا صفایا ہوجائے گا۔


خبر کا کوڈ: 275904

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/275904/قطر-میں-فرینڈز-آف-سیریا-کا-اجلاس-شامی-باغیوں-کی-سیاسی-اور-فوجی-مدد-کرنے-پر-اتفاق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org