QR CodeQR Code

بجٹ میں سرائیکی وسیب سے زیادتیوں کی انتہا کر دی گئی ہے، سرائیکی رہنما

23 Jun 2013 16:39

اسلام ٹائمز: سرائیکستان قومی کونسل کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ جب تک سرائیکی صوبہ نہیں بنے گا کچھ نہیں ملے گا اس لئے یہاں رہنے والے اپنے لئے نہیں تو آنے والی نسلوں کی بہتری کا سوچیں اور الگ سرائیکی صوبہ بنوائیں۔


اسلام ٹائمز۔ تخت لاہور نے استحصال کے ساتھ سرائیکی قوم کی توہین بھی شروع کر دی ہے، تمام سرائیکی جماعتیں ون پوائنٹ ایجنڈے پر متحد ہو جائیں ورنہ قابض قوتیںان کی شناخت اور ان کے وسائل چھین کر ان کو غلام بنا دیں گی۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان سرائیکی پارٹی کے چیف آرگنائزر میاں منصور کریم سیال نے سرائیکستان قومی کونسل کے صدر ظہور دھریجہ سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک تو پنجاب کے بجٹ میں سرائیکی وسیب کو صرف لولی پاپ ملا دوسرا شہباز شریف نے سرائیکی صوبہ تحریک کو ناٹک اور ڈرامہ قرار دے کر سرائیکی وسیب کی توہین کی جس کی ہم سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے الفاظ کی واپسی کا مطالبہ کرتے ہیں اس موقعہ پر ظہور دھریجہ نے کہا کہ سرائیکی صوبے کے قیام کیلئے ہم صرف سرائیکی ہی نہیں بلکہ ہر اس جماعت کے ساتھ بحیثیت کارکن کام کرنے کو تیار ہیں جو وسیب کے حقوق کیلئے جدوجہد کرے۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ میں سرائیکی وسیب سے زیادتیوں کی انتہا کر دی گئی، رائے ونڈ میں نالج سٹی کے نام سے یونیورسٹیوں کا شہر بسایا جا رہا ہے اور یہاں سات یونیورسٹیاں قائم ہونگی۔ سیالکوٹ میں انٹر نیشنل ٹیکنالوجی یونیورسٹی بجٹ میں منظور کی گئی ہے، اسی طرح مریدکے میں نالج پارک کے نام سے نیا شہر بسایا جا رہا ہے جہاں تعلیمی ادارے قائم ہوں گے۔
 
ظہور دھریجہ نے کہا کہ مری، سرگودھا، گوجرانوالہ اور لاہور آرٹس کونسلوں کیلئے اربوں مختص ہوئے سرائیکی وسیب کی کسی آرٹس کونسل کیلئے کوئی رقم نہیں دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کی رنگ روڈ کیلئے تین ارب اور لاہور کے ایک نئے ہسپتال کیلئے ڈیڑھ ارب رکھے گئے ہیں اسی طرح لاہور میں دریائے راوی پر اضافی پُل، گوجرانوالہ، شیخوپور روڈ، لاہور، جڑانوالہ روڈ اور لاہور سرگودھا روڈ کو دو رویہ کرنے کے ساتھ موٹر وے کے ساتھ نیا صنعتی شہر بسانے کیلئے اربوں روپے رکھے گئے ہیں سرائیکی وسیب میں اس طرح کا ایک بھی منصوبہ نہیں دیا گیا اپر پنجاب کے مقابلے میں سرائیکی وسیب کو محض لولی پاپ ملے۔ ظہور دھریجہ نے کہا کہ جب تک سرائیکی صوبہ نہیں بنے گا کچھ نہیں ملے گا اس لئے یہاں رہنے والے اپنے لئے نہیں تو آنے والی نسلوں کی بہتری کا سوچیں اور الگ سرائیکی صوبہ بنوائیں۔


خبر کا کوڈ: 276050

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/276050/بجٹ-میں-سرائیکی-وسیب-سے-زیادتیوں-کی-انتہا-کر-دی-گئی-ہے-رہنما

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org