QR CodeQR Code

ترکی اور اسرائیل کے تعلقات ماضی جیسے نہیں رہیں گے،ترک صدر

5 Jun 2010 07:22

اسلام ٹائمز:عبداللہ گل نے کہا کہ اسرائیل نے اپنی تاریخ کی سب سے بڑی غلطی کا ارتکاب کیا ہے اور ترکی کبھی بھی اس حملہ کو نہیں بھولے گا


 انقرہ:اسلام ٹائمز-اے آر وائی نیوز کے مطابق ترکی کے صدر عبداللہ گل نے کہا ہے کہ غزہ کے محصور لوگوں کیلئے امدادی سامان لے جانے والے بحری جہازوں کے قافلے پر اسرائیلی حملہ کے بعد ترکی اور اسرائیل کے تعلقات کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان اب تعلقات کبھی بھی ویسے نہیں رہیں گے،جو ماضی میں تھے۔
ایک ٹی وی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کے دونوں ممالک کے تعلقات کو سخت نقصان پہنچا ہے۔ترک صدر عبداللہ گل نے کہا کہ اسرائیل کے حملہ،جس میں ترکی کے 8 شہری اور ترک نژاد امریکی شہری ہلاک ہوا کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔عبداللہ گل نے کہا کہ اسرائیل نے اپنی تاریخ کی سب سے بڑی غلطی کا ارتکاب کیا ہے اور ترکی کبھی بھی اس حملہ کو نہیں بھولے گا۔یاد رہے کہ ترکی نے اس واقعہ پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسرائیل سے اپنا سفیر واپس طلب کر لیا تھا۔
 اسرائیل سے تعلقات محدود کیے جا سکتے ہیں،ترکی
آج نیوز کے مطابق ترکی کے نائب وزیراعظم نے کہا ہے کہ فریڈم فلوٹیلا پر اسرائیلی جارحیت کے بعد اسرائیل سے تعلقات محدود کیے جا سکتے ہیں۔مقامی ٹی وی کو انٹریو میں ترک نائب وزیر اعظم نے کہا کہ ترکی اپنے قریبی اتحادی سے تعلقات محدود کرنے پر غور کر رہا ہے۔انھوں نے بتایا کہ اسرائیل اور ترکی کے درمیان متعدد معاشی اور فوجی معاہدے ہو چکے ہیں اور ترکی اس حوالے سے انتہائی سنجیدہ ہے۔
فریڈم فلوٹیلا پر اسرائیلی دہشت گردی میں شہید ہونے والے ترک شہری کو ہزاروں افراد نے خراج عقیدت پیش کیا۔انقرہ میں سیکڑوں افراد نے اسرائیلی سفیر کی رہائش گاہ کے باہر جمع ہو کر اسرائیلی دہشت گردی کی مذمت کی۔فریڈم فلوٹیلا پر اسرائیلی دہشت گردی نے یہودیوں کو بھی اسرائیل کے انہدام کی دعاوٴں پر مجبور کردیا ہے۔
صیہونی مخالف یہودی گروپ کے سربراہ ربی اسرائیل ڈیوڈ نے کہا کہ وہ صہیونی حملے کی شدید مخالفت کرتے ہیں۔اور اسرائیل کے جلد اور پْرامن انہدام کے لئے دعاگو ہیں۔
 فریڈم فلوٹیلا پر اسرائیلی دہشت گردی نے حماس کی مقبولیت میں اضافہ کر دیا ہے۔جبکہ فریڈم فلوٹیلا کے روح رواں مہمیت کایا کو غزہ میں ہیرو کا درجہ دے دیا گیا۔انہوں نے اعلان کیا ہے کہ غزہ میں تعمیرات اور صحت اور تعلیم کے شعبے میں پچیس ملین ڈالرز خرچ کریں گے۔ملائیشیا میں ہزاروں مسلمانوں نے فریڈم فلوٹیلا پر اسرائیلی جارحیت کے خلاف مظاہرہ کیا اور ریلی نکالی۔مظاہرین نے اسرائیلی پرچم نذر آتش کیا اور اسرائیل کا علامتی جنازہ نکالا۔مظاہرین نے امریکا سے اسرائیلی جارحیت کی مذمت اور بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔


خبر کا کوڈ: 27607

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/27607/ترکی-اور-اسرائیل-کے-تعلقات-ماضی-جیسے-نہیں-رہیں-گے-ترک-صدر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org