0
Sunday 23 Jun 2013 21:14

ولادت باسعادت امام مہدی برحق (عج) کے موقع پر محفل نور کا انعقاد

ولادت باسعادت امام مہدی برحق (عج) کے موقع پر محفل نور کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ ادارہ ابوالفضل عباس (ع) کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے ماگام قصبہ میں ولادت باسعادت امام عصر (عج) کی مناسبت پر محفل نور کے عنوان سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، محفل نور سے مقبوضہ کشمیر کے جید علماء کرام جن میں اہل بیت (ع) فاونڈیشن کے چیئرمین مولانا شیخ غلام رسول نوری، مولانا سید یوسف موسوی، مولانا سید لیاقت حسین اور نثار حسین راتھر نے خطاب کیا، محفل نور کا آغاز نثار حسین راتھر نے نعت رسول نازنین (ص) سے کیا اس کے بعد مولانا آغا سید یوسف نے امام زمانہ (عج) کے دور غیبت میں ہماری ذمہ داریوں سے سامعین کا آگاہ کیا۔

محفل نور سے اپنے تفصیلی خطاب میں مولانا شیخ غلام رسول نوری نے امام عصر (عج) کی آئندہ تابناک حکومت، نائب امام اور ولی امر مسلمین کے تمام پہلووں پر روشنی ڈالی، انہوں نے مغربی میڈیا کے پروپیگنڈا کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس پروپیگنڈا سے بچنے کے لئے مسلمانوں کو ولی فقیہ کی پیروی ضروری ہے، انہوں نے ولی امر مسلمین کی اہمیت، خصوصیت و افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہمیں تمام تر مسائل اور معاملات صاحب امر سے حل کرنے ہونگے،   فاما الحوادث الواقعہ فارجعوا فیھا الی رواۃ احادیثنا کی تشریح کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کی مشکل یہی ہے کہ وہ پیش آنے والے واقعات و حادثات کے حل کے لئے رہبر اور صاحب امر کی طرف رجوع نہیں کرتے ہیں۔

مولانا شیخ غلام رسول نوری نے کہا کہ مغربی دنیا نے ‘‘روشن فکر’’ لفظ کو اس قدر بدنام کیا ہے کہ آج جو قرآن اور الہی قوانین و احکامات کو رد کرے، یا پھر توہین کرے اسے روشن فکر کہا جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ دراصل روشن فکر وہی ہوسکتا ہے جس کی فکر اللہ کے نور سے منور ہو، محفل نور سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نائب امام سید علی خامنہ ای اتنے بلند و پاک ہیں کہ ان سے کبھی مکروہ کام سرزد نہیں ہوا ہے اور ان کا کردار ہر لحاظ سے مثالی ہے تو امام زمانہ (عج) کتنے عظیم و اعلیٰ ہیں، لیکن یہ بات وہ نہیں سمجھ سکھیں گے جن کی نگاہیں امریکہ و اسرائیل پر ہوں، محفل نور سے خطاب میں مولانا سید لیاقت حسین نے بھی امام آخر الزماں (عج) کی حیات جاودان پر تفصیلی گفتگو کی، تقریب کے آخر میں تعجیل ظہور امام زمانہ (عج) کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 276129
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش