QR CodeQR Code

غیر ملکی سیاحوں کے قتل کے تانے بانے سانحہ کوہستان و بابوسر سے جا ملتے ہیں، اطہر عمران

24 Jun 2013 20:40

اسلام ٹائمز: مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان نے اپنے دورہ اسکردو کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان جیسا حساس، دفاعی اور سیاحتی اہمیت کا حامل یہ خطہ مزید اس طرح کے خونین واقعات کا متحمل نہیں ہو سکتا۔


اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر اطہر عمران نے اپنے دورہ اسکردو کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیری میڈو چلاس میں غیر ملکی سیاحوں کے بہیمانہ قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ المناک واقعہ عالمی برادری میں پاکستان کو بدنام کرنے کی عالمی استعماری سازشوں کا شاخسانہ ہے اور اس کے تانے بانے سانحہ چلاس، سانحہ کوہستان اور سانحہ بابوسر سے جا ملتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات کے پیچھے عالمی دہشت گرد امریکہ کا ہاتھ ہے اور امریکہ اس طرح کے واقعات کے ذریعے پاکستان کی دیرینہ رفیق چائنہ اور روس سے تعلقات خراب کرنے کے درپے ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات نئی حکومت کے لئے چیلنج بھی ہیں اور امریکہ و سعودیہ سے دوستی کا نتیجہ بھی۔ جب تک پاکستان کی حکومت اسلام و پاکستان کے دشمن، عالمی دہشت گرد امریکہ سے نجات حاصل نہیں کرتی سرزمین پاکستان بے گناہوں کے خون سے رنگین ہوتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان جیسا حساس، دفاعی اور سیاحتی اہمیت کا حامل یہ خطہ مزید اس طرح کے خونین واقعات کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ یہاں کی حکومت بالخصوص حساس اداروں اور سکیورٹی اداروں کو چاہیئے کہ اس خطے کی اہمیت کے پیش نظر سکیورٹی اقدامات ٹھوس بینادوں پر کریں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ واقعہ سانحہ چلاس، سانحہ کوہستان اور سانحہ لولوسر پر حکومتی بےحسی اور دہشت گردوں کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشن نہ کرنے کا نتیجہ ہے۔


خبر کا کوڈ: 276185

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/276185/غیر-ملکی-سیاحوں-کے-قتل-تانے-بانے-سانحہ-کوہستان-بابوسر-سے-جا-ملتے-ہیں-اطہر-عمران

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org