QR CodeQR Code

شب برأت کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں، مفتی لیاقت علی رضوی

24 Jun 2013 08:09

اسلام ٹائمز: اہلسنت خدمت فاؤنڈیشن قبرستانوں کے باہر استقبالیہ کیمپ اور شربت کی سبیلیں لگائے گی، یہ کہنا تھا رہنماء سنی تحریک کا۔


اسلام ٹائمز: پاکستان سُنی تحریک کے ڈویژنل صدرمفتی لیاقت علی رضوی نے کہا ہے کہ شب برأت کے موقع پر مساجد، مزارات اور قبرستانوں پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہ ہوسکے۔ ہر سال کی طرح اس سال بھی پاکستان سنی تحریک کے شعبۂ خدمت "اہلسنت خدمت فاؤنڈیشن(ٹرسٹ ) کے تحت شب برأت کے موقع پرملک کے بڑے قبرستانوں میں صفائی اورروشنی کا اہتمام کیا جائے گا جبکہ مزارات اور قبرستانوں کے باہراستقبالیہ کیمپ اور زائرین کیلئے شربت کی سبیلیں بھی لگائی جائیں گی۔متعلقہ اداروں کی بھی ذمہ داری ہے کہ اس عظیم البرکت رات میں زائرین کو سہولتیں فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کریں۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے اہلسنت خدمت فاؤنڈیشن کے عہدیداروں اوررضاکاروں کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مفتی لیاقت علی نے مطالبہ کیا کہ شب برأ ت سے قبل سانحہ زیارت، سانحہ کوئٹہ کی تحقیقات کو منظر عام پر لایا جائے تاکہ عوام حقائق سے روشناس ہوسکیں۔ دہشتگردی ملک کیلئے ناسور ہے تمام امن پسند قوتیں یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشتگردوں کی ہر سازش کو ناکام بنا دیں۔ انہوں نے کہا کہ شب برأت گناہوں کی معافی اورجہنم سے چھٹکارے کی رات ہے۔ اس رات اللہ تعالیٰ کی رحمتوں کی چھماچھم برسات ہوتی ہے اور اللہ تعالیٰ بنی کلب کی بکریوں کے بالوں سے بھی زیادہ لوگوں کو جہنم سے آزاد فرماتا ہے۔ قوم اس بابرکت رات میں توبہ واستغفارکے ساتھ ساتھ ملکی سلامتی، استحکام اوردہشتگردی سے نجات کیلئے خصوصی دعائیں کرے۔


خبر کا کوڈ: 276211

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/276211/شب-برأت-کے-موقع-پر-سکیورٹی-فول-پروف-انتظامات-کیے-جائیں-مفتی-لیاقت-علی-رضوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org