0
Monday 24 Jun 2013 14:08

سندھ حکومت اچھی طرح جانتی ہے کہ دہشت گرد کون ہے، شمشاد غوری

سندھ حکومت اچھی طرح جانتی ہے کہ دہشت گرد کون ہے، شمشاد غوری
 اسلام ٹائمز۔ مہاجر قومی موومنٹ کے وائس چیئرمین شمشاد خان غوری نے کہا ہے کہ کراچی میں حکومتی رٹ کہیں نظر نہیں آ رہی ہے۔ سندھ حکومت نے دہشت گردوں کو بے گناہ لوگوں کی جانیں لینے کا کھلا لائسنس دے رکھا ہے۔ سندھ حکومت اچھی طرح سے یہ جا ننے کے باجود کہ دہشت گرد کون ہیں وہ ان نامعلوم دہشت گردوں کے خلاف کچھ نہیں کر سکتی ہے کیونکہ اقتدار کی خاطر یوم سوگ منانے والوں کے ہاتھوں ایک ہی دن میں درجن سے زیادہ عام شہریوں کا قتل عام اورکاروبار و املاک کو جلانے کے باوجود دہشت گرد جماعت متحدہ کو سندھ حکومت کا حصہ بنانے کا کھیل کھیلا جا رہا ہے۔ پارٹی چیئرمین آفاق احمد کی رہائشگاہ پر کراچی یونیورسٹی سے آنے والے طلباء کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متحدہ سیاسی نہیں دہشت گرد جماعت ہے۔ اس جماعت نے شہر کراچی کی معیشت اور بالخصوص تعلیم کا بیڑا غرق کر رکھا ہے۔ ہر روز کے سوگ اور ہڑتالوں سے معیشت کو اربوں روپے نقصان ہو رہا ہے، طلباء و طالبات کے امتحانات ملتوی کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کا عام شہری اپنے گھر سے نکلتے ہوئے ڈرتا ہے۔ کراچی کی ہر گلی، کوچوں اور محلوں میں بے گناہ افراد کا خون بہایا جا رہا ہے۔

 شمشاد غوری کا کہنا تھا کہ متحدہ دہشت گرد کھلے عام اسلحے کی نمائش کرتے پھر رہے ہیں اور انتظامیہ تماشائی بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نشاندہی کرے پھر ہم کاروائی کرینگے۔ ہم پوچھتے ہیں کیا انھیں نہیں معلوم کے کراچی کے عوام کو کون سی جماعت یرغمال بنائے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ دہشت گردوں کے در پے ماتھا ٹیکنے والے ان کا نام لینے سے ڈرتے ہیں تو ان کے خلاف کوئی کاروائی کیسے کر پائینگے۔ سندھ حکومت کی اس بے بسی اور بے حسی کا اگر اب بھی وفاق نے نوٹس نہ لیا تو پھر وہ وقت زیادہ دور نہیں ہے جب عوام دہشت گردوں سے انہی کی زبان میں نمٹیں گے۔ شمشاد غوری نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سندھ حکومت میں نئے گورنر کی تعیناتی جلد از جلد ممکن بنائے تاکہ شہر میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال بہتر بنائی جا سکے۔
خبر کا کوڈ : 276267
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش