0
Monday 24 Jun 2013 15:04

نواز حکومت کسی کی پروا کئے بغیر پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ جلد مکمل کرے، ڈاکٹر عبدالقدیر خان

نواز حکومت کسی کی پروا کئے بغیر پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ جلد مکمل کرے، ڈاکٹر عبدالقدیر خان
اسلام ٹائمز۔ معروف پاکستانی ایٹمی سائنسدان ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ حالیہ بجٹ ان لوگوں نے بنایا جن کی ڈگری لنڈا بازار کی ہے، جس طرح کلرک ریلوے نہیں چلا سکتا اسی طرح اکاﺅنٹنٹ بھی بجٹ نہیں بنا سکتا۔ حکومت کی پہلی، دوسری اور تیسری ترجیح بھی توانائی کے بحران کا حل ہونا چاہیے۔ انکم اسپورٹ جیسے پروگرام بندر بانٹ کے لئے ہوتے ہیں اور یہ پروگرام رشوت ستانی کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں، اسے ختم کرکے رکھی گئی رقم سے انرجی پلانٹ لگائے جائیں، ہم آخر کب تک خیرات پر گزارا کرتے رہیں گے۔ کسی کی پروا کئے بغیر پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے پر عمل کیا جائے۔ تھرکول سندھ حکومت کے بس کی بات نہیں ہے اسے چینی کمپنی کے حوالے کر دینا چاہئے۔ وہ گزشتہ شب مقامی ہوٹل میں وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت کے تحت پہلے اچیومنٹ ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے صدر زبیر ملک، ایس ایم منیر، طارق سعید اور دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریب میں تاجر و صنعت کاروں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا کہ گزشتہ 5 سال سے ملک میں بجلی کا بحران شدت اختیار کر گیا ہے جس پر قابو پانے کے لئے کچھ نہیں کیا گیا۔ عوام سے جھوٹے وعدے کئے جاتے رہے ہیں جبکہ اس کے برعکس عوام کو انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے بھکاری بنایا جاتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ وہ حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس پروگرام کو فوری طور پر ختم کرکے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے لئے متبادل توانائی کے حصول کے لئے انرجی پاور پلانٹ لگائیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں تھرکول کے ذخائر کے نام پر عوام کو بے وقوف بنایا جا رہا ہے۔ پاکستانی سائنسدانوں میں اتنی صلاحیت نہیں ہے کہ وہ کوئلہ سے بجلی پیدا کر سکیں۔ حکومت کو چاہئے کہ وہ تھرکول چین کو دے دے تاکہ اس سے توانائی پید اکرکے وہ پاکستان کو دے۔ انہوں نے کہا کہ وہ نواز حکومت کو مشورہ دے رہے ہیں کہ وہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کو جلد مکمل کرکے اس میں کسی کی ناراضگی کا خیال نہ رکھے۔ انہوں نے کہا کہ تھرکول کے 100 ارب روپے کا 75 فیصد وزراء کی جیبوں میں جائے گا اور 25 فیصد سے لینڈ کروزر گاڑیاں خریدی جائیں گی۔ جو لوگ چار سے پانچ کروڑ روپے خرچ کرکے اسمبلیوں میں آئے ہیں وہ 10 سے 15 کروڑ روپے کمائیں گے۔ تقریب کے اختتام پر ملک بھر کی 51 اہم شخصیات کو ایوارڈز سے نوازا گیا۔
خبر کا کوڈ : 276284
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش