0
Tuesday 25 Jun 2013 18:50

پاکستان کی سلامتی کو امریکہ، بھارت اور پاکستانی طالبان سے خطرہ ہے،صاحبزادہ حامد رضا

پاکستان کی سلامتی کو امریکہ، بھارت اور پاکستانی طالبان سے خطرہ ہے،صاحبزادہ حامد رضا
اسلام ٹائمز۔ سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ دہشت گرد پاکستان کو غیرمحفوظ، کمزور اور ناکام ریاست ثابت کرنا چاہتے ہیں، پاکستان دشمن طاقتیں اسلامی تشخص والے ایٹمی ملک کو ناکام اور بدنام کرنے پر تلی ہوئی ہیں تاکہ پاکستان خطے میں بھارت کی علاقائی بالادستی کی مزاحمت کے قابل نہ رہے، دہشت گردی کے ایشو پر قومی لائحہ عمل تیار کرنے کے لیے آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے،تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں قومی آزادی، سلامتی اور خودمختاری کے ایجنڈے پر متحد ہو جائیں، دہشت گرد پاکستان کے استحکام، خوشحالی اور ترقی کے دشمن ہیں، بڑھتی ہوئی دہشت گردی کی وجہ سے ملک کا امن، استحکام اور معیشت تباہ ہو رہی ہے۔

جامعہ حنفیہ غوثیہ شیراکوٹ لاہور میں تحفظِ پاکستان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ حکومت ڈنگ ٹپاؤ پالیسیوں کی بجائے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جامع لائحہ عمل تیار کرے، پاکستان کی سلامتی کو امریکہ، بھارت اور پاکستانی طالبان سے خطرہ ہے، ملک بدترین انتشار کا شکار ہے، قومی قیادت قوم کو متحد کرے، جنرل سیلز ٹیکس کے ذریعے غریبوں کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا جا رہا ہے، مسئلہ بلوچستان کو نظرانداز کرنا قومی خودکشی کے مترادف ہے، نئے حکمران بھی پرانے حکمرانوں کے نقش قدم پر چل رہے ہیں،عوام دشمن بجٹ پر مسلم لیگ ن کے ووٹرز اور سپورٹرز شرمندہ ہیں۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ قوم خدشات اور خطرات سے دوچار ہے، پاکستان کے ہر شعبے میں امریکی ایجنٹ گھس گئے ہیں،سیاست کے فرعونوں نے ملک تباہ کر دیا ہے، زر اور شر کی فتنہ انگیزیوں کو نظامِ مصطفی ہی ختم کر سکتا ہے۔ پسماندہ اور پسے ہوئے استحصال زدہ طبقے کو معاشی انصاف فراہم کرنا ہو گا۔ جنم جنم کی میلی سیاسی جماعتوں نے غریب عوام کے لیے کچھ نہیں کیا۔ نظامِ مصطفی آئے گا تو حکام قوم کے آقا نہیں خادم ہوں گے۔ غیرملکی سیاحوں کے قاتل پکڑنا وزیرداخلہ کے لیے چیلنج اور امتحان ہے۔ کانفرنس سے پیر ضیاء المصطفیٰ حقانی، صاحبزادہ سیّد صابر گردیزی، مفتی محمد حسیب قادری، حاجی رانا شرافت علی قادری، مولانا قاری مختار احمد صدیقی نے بھی خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 276718
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش