0
Wednesday 26 Jun 2013 09:49

ہمہ گیر ہڑتال ریفرنڈم، علی گیلانی، یاسین ملک اور شبیر شاہ کی عوام کو مبارکباد

ہمہ گیر ہڑتال ریفرنڈم، علی گیلانی، یاسین ملک اور شبیر شاہ کی عوام کو مبارکباد
اسلام ٹائمز۔ سید علی شاہ گیلانی، محمد یاسین ملک، شبیر احمد شاہ اور دیگر علیحدگی پسند لیڈروں نے جموں و کشمیر میں ہمہ گیر ہڑتال کو ریفرنڈم قرار دیتے ہوئے عوام کا شکریہ ادا کیا، اس دوران علی گیلانی، میرواعظ عمر اور محمد یاسین ملک، شبیر احمد شاہ، نعیم احمد خان سمیت کئی مزاحمتی قائدین کو خانہ نظر بند رکھا گیا، اپنے بیان میں علی گیلانی نے منموہن سنگھ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ وہ کشمیر سے متعلق نوشتۂ دیوار پڑھ لیں اور روایتی ضد اور ہٹ دھرمی ترک کرکے یہاں کے عوام کے ساتھ قومی اور بین الاقوامی فورموں پر کئے گئے وعدوں کو پورا کریں، انہوں نے بھارتی وزیراعظم سے کہا کہ پچھلے 65 سال سے آپ نے ملٹری طاقت کے ذریعے سے کشمیر کی صورتحال کو تبدیل کرنے کا بہت تجربہ کیا ہے اور پیکیجز اور مراعات دیکر کشمیریوں کے دل بدلانے کی کوشش کی ہے، البتہ آپ کو ذرّہ برابر بھی کامیابی حاصل نہیں ہوسکی اور کشمیر میں غیریقینی اور عدمِ استحکام کی صورتحال برابر جاری رہی اور یہاں کے عوام نے جبری قبضے کے خلاف جدوجہد کو ترک نہیں کیا ہے۔

محمد یاسین ملک نے خانہ نظر بند کے بیچ اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس مکمل ہمہ گیر احتجاجی ہڑتال سے اُن لوگوں کی آنکھیں کھل جانی چاہیے جو کشمیریوں کی تحریک آزادی کو شکست دینے کے خواب بن رہے ہیں اور دنیا میں ڈھنڈورا پیٹ رہے ہیں کہ کشمیریوں کو شکست دی گئی ہے۔ یاسین ملک نے کہا کہ آج کشمیریوں نے منظم، متحدہ، پُرامن اور ہمہ گیر احتجاجی ہڑتال سے دنیا کے ساتھ ساتھ بھارتی حکمرانوں کو واضح پیغام دیا ہے کہ یک طرفہ سرکاری تشدد، جبر اور ظلم کے ذریعے کشمیریوں کو اپنی آزادی کی جدوجہد سے باز رکھنا ممکن نہیں ہے اور یہ کہ جبر و ظلم کے ہتھکنڈوں سے کسی قوم کی آزادی کو زیادہ دیر تک دبایا نہیں جاسکتا ہے، یاسین ملک نے کہا کہ کشمیریوں نے دنیا کی ایماء پر تشدد سے عدم تشدد کی جانب ایک تاریخ ساز تبدیلی کا آغاز کیا لیکن ان کے اس مثبت رویے اور تبدیلی کی قدر کرنے کے بجائے بھارتی حکمرانوں نے انہیں یک طرفہ سرکاری جبر اور تشدد کے زریعے دبانے کے اقدامات کئے۔
خبر کا کوڈ : 276828
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش