QR CodeQR Code

ملزمان نے وزیرستان سے ٹریننگ حاصل کی

غیر ملکی سیاحوں کے قتل ملوث کالعدم تنظیم کے تمام دہشتگردوں کی شناخت ہوگئی

26 Jun 2013 23:56

اسلام ٹائمز: چیف سیکرٹری گلگت بلتستان نے ہنگامی پریس کانفرنس میں بتایا کہ غیر ملکی کوہ پیماوں کے قتل میں ملوث 15 میں سے 10 دہشتگردوں کا تعلق دیامر، 3 کا کوہستان اور 2 کا تعلق مانسہرہ سے ہے۔


اسلام ٹائمز۔ گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹری اور آئی جی پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ نانگا پربت بیس کیمپ پر حملے میں ملوث 15 حملہ آوروں کی نشاندہی ہوگئی ہے، حملے کے ماسٹر مائنڈ مجید کا تعلق ضلع دیامر کے علاقے چلاس سے ہے، تمام ملزمان ضلع دیامر کی حدود میں موجود ہیں جنہیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔ گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹری منیر احمد بادینی، آئی جی پولیس عثمان زکریا اور سیکرٹری داخلہ عطاء الرحمان نے گلگت میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ چیف سیکریٹری نے بتایا کہ غیر ملکی کوہ پیماوں کے قتل میں ملوث 15 میں سے 10 دہشت گردوں کا تعلق دیامر، 3 کا کوہستان اور 2 کا تعلق مانسہرہ سے ہے، ملزموں نے وزیرستان سے ٹریننگ حاصل کی ہے، حملے کے ماسٹر مائنڈ مجید کا تعلق چلاس سے ہے، ملزموں نے ہفتے اور اتوار کی درمیانی رات کوہ پیماوں کو قتل کیا۔ چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ واقعے کے بعد حراست میں لئے گئے مقامی پورٹرز اور گائیڈ سے پوچھ گچھ کے دوران حملہ آوروں کی نشاندہی ہوئی، تفتیش میں پاک فوج اور انٹیلی جنس اداروں کی مدد بھی حاصل رہی۔ آئی جی پولیس عثمان زکریا کا کہنا تھا کہ سانحہ نانگا پربت میں ملوث تمام دہشت گرد ضلع دیامر کی حدود میں موجود ہیں، جنہیں دیامر جرگے کے ارکان کی مدد سے جلد گرفتار کرلیں گے۔


خبر کا کوڈ: 277064

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/277064/غیر-ملکی-سیاحوں-کے-قتل-ملوث-کالعدم-تنظیم-تمام-دہشتگردوں-کی-شناخت-ہوگئی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org