QR CodeQR Code

پاک ایران گیس پائپ لائن اور ٹاپی منصوبے پر کام جاری ہے، حکام کی وزیراعظم کو بریفنگ

28 Jun 2013 00:46

اسلام ٹائمز: توانائی بحران پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ ہمسایہ ممالک سے گیس کی درآمد کیلئے مختلف آپشنز پر غور کیا جائے۔ گیس کی کمی پر قابو پانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ گیس کی قلت پر قابو پانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور ہمسایہ ممالک سے گیس کی درآمد کیلئے مختلف آپشنز پر غور کیا جائے۔ وزیراعظم نے گیس کے نرخوں کو ازسرنو تعین کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم کی زیرصدارت اہم اجلاس میں ملک میں گیس کی کمی کا جائزہ لیا گیا۔ وزارت پٹرولیم کے حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاک ایران گیس پائپ لائن اور ٹاپی منصوبے پر کام جاری ہے۔ بھارت پاکستان کو ایل این جی برآمد کرنے میں دلچسپی رکھتا پے۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ پاکستان میں کل گیس کا اٹھائیس فیصد گھروں میں استعمال ہوتا ہے۔ موسم سرما میں گیس کی طلب اور رسد برقرار رکھنے کیلئے لوڈ منیجمنٹ کی جاتی ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ گھریلو صارفین کو ترجیحی بنیادوں پر گیس فراہم کی جائے اور عام آدمی کو معاشی تحفظ فراہم کرنے کیلئے ٹیرف کو مناسب رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ممالک سے گیس کی درآمد کیلئے مختلف آپشن پر غور کیا جائے۔ گیس کی کمی پر قابو پانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔

دیگر ذرائع کے مطابق، وزیراعظم محمد نواز شریف نے ملک میں گیس کی قلت پر قابو پانے کے لئے تمام وسائل استعمال کرنے اور تمام ذرائع تلاش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سلسلے میں پڑوسی ممالک سے گیس درآمد کرنے کے مختلف آپشنز کا جائزہ لیا جائے۔ وہ جمعرات کو وزیراعظم آفس میں گیس کی قلت پر غور کے لئے منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے اور تاپی گیس منصوبے پر کام جاری ہے۔ وزیراعظم کو مزید بتایا گیا کہ بھارت پاکستان کو ایل این جی برآمد کرنے میں دلچسپی رکھتا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ گیس کی کل کھپت کا 28 فیصد گھریلو سطح پر استعمال ہوتا ہے۔ وزیراعظم نے وزارت پٹرولیم کو واضح ہدایات دیں کہ گیس کی تقسیم کے فارمولے میں گھریلو صارفین کو ترجیح دی جائے تاکہ ان کی روزمرہ کی زندگی متاثر نہ ہو۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ ملک میں گیس کی طلب اور رسد کے درمیان فرق کو دور کرنے کے لئے گیس کی لوڈشیڈنگ کی، خاص طور پر موسم سرما کے دوران جب گیس کی طلب انتہائی بڑھ جاتی ہے۔ وزیراعظم نے عام آدمی کے مفادات کے تحفظ کے لئے گیس کے ٹیرف معقول بنانے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف، وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، پٹرولیم کے وزیر مملکت جام کمال خان، وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر مصدق ملک، وزیراعظم آفس اور وزارت پٹرولیم کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔


خبر کا کوڈ: 277401

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/277401/پاک-ایران-گیس-پائپ-لائن-اور-ٹاپی-منصوبے-پر-کام-جاری-ہے-حکام-کی-وزیراعظم-کو-بریفنگ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org