QR CodeQR Code

لعل شہباز قلندر کے عرس پر دہشتگردی کا خطرہ، سیکورٹی فورسز کو ہائی الرٹ کر دیا گیا

28 Jun 2013 16:59

اسلام ٹائمز: عرس کے موقع پر پولیس اور ٹریفک پولیس نے زائرین کی گاڑیوں کو روکنے کا سلسلہ تیز کردیا ہے، پولیس اہلکار فی گاڑی 100 سے 200 روپے بھتہ وصول کر رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ عظیم صوفی بزرگ حضرت لعل شہباز قلندر کا 761 واں عرس آج سے سیہون شریف میں شروع ہوگیا، دہشتگردی کے ممکنہ خطرے کے سبب سیکیورٹی فورسز کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گورنر سندھ نے آج صبح مزار قلندر ؒ پر چادر چڑھا کر عرس کا افتتاح کیا، بعد ازاں انہوں نے غریب اور بیوہ خواتین میں کپڑے تقسیم کئے۔ عرس کے موقع پر دہشتگردی کے ممکنہ خطرے کے سبب سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ آئی جی سندھ شاہد ندیم بلوچ نے پولیس کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرحدی علاقوں میں ناکہ بندی اور کڑی نگرانی کے عمل کے ساتھ ساتھ شہروں کے داخلی اور خارجی راستوں پر اسنیپ چیکنگ اور پولیس پکیٹس کو مؤثر بنایا جائے۔ ڈپٹی کمشنر جامشورو ساجد جمال ابڑو نے عرس کے پہلے روز جمعہ کو ضلع جامشورو میں عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔

عرس میں شرکت کیلئے چاروں صوبوں سے زائرین کی بڑی تعداد سہون پہنچ گئی ہے، عرس کے موقع پر ناچ گانے کی محفلوں پر سختی سے پابندی عائد کی گئی ہے، عقیدت مندوں کی جانب سے شہر کے مختلف مقامات پر لنگر کی تقسیم کا سلسلہ شروع کردیا گیا ہے۔ عرس میں شرکت کرنے والے عقیدت مندوں کو ناقص انتظامات کے باعث دشواری کا سامنا ہے، خود ساختہ مہنگائی کے باعث اسٹالوں اور ہوٹلوں پر مہنگے داموں اشیاء فروخت کی جا رہی ہیں، سخت گرمی میں مشروبات کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ کردیا گیا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے لوڈشیڈنگ نہ کرنے کے اعلان کے باوجود لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بھی تواتر سے جاری ہے۔ دوسری جانب پولیس اور ٹریفک پولیس نے زائرین کی گاڑیوں کو روکنے کا سلسلہ تیز کردیا ہے، پولیس اہلکار فی گاڑی 100 سے 200 روپے بھتہ وصول کر رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 277585

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/277585/لعل-شہباز-قلندر-کے-عرس-پر-دہشتگردی-کا-خطرہ-سیکورٹی-فورسز-کو-ہائی-الرٹ-کر-دیا-گیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org