0
Friday 28 Jun 2013 18:45

مجلس وحدت مسلمین لاہور کے زیراہتمام ملک بھر میں جاری دہشتگردی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

مجلس وحدت مسلمین لاہور کے زیراہتمام ملک بھر میں جاری دہشتگردی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر سانحہ پشاور کے ملزمان کی عدم گرفتاری کیخلاف ملک بھر میں آج یوم احتجاج منایا گیا۔ اسی سلسلے میں لاہور میں نماز جمعہ کے بعد جامع مسجد سمن آباد سے مجلس وحدت مسلمین کے زیراہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت مجلس وحدت مسلمین لاہور کے رہنماؤں نے کی۔ ریلی میں شہریوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ ریلی کے شرکاء نے مجلس وحدت مسلمین کے پرچم اور پلے کارڈز اُٹھا رکھے تھے۔ مظاہرین نے اس موقع پر خیبر پختونخوا اور وفاقی حکومت کے خلاف بھرپور نعرے بازی کی اور سانحہ پشاور کے ذمہ داران کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت ناکام ہوچکی ہے، سانحہ پشاور، دیامر اور کراچی میں جسٹس مقبول پر حملہ سکیورٹی اداروں کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ آج پورے ملک میں علامہ ناصر عباس جعفری کی اپیل پر مظاہرے ہو رہے ہیں اگر وفاقی اور صوبائی حکومت نے اس واقعے میں ملوث افراد کو گرفتار نہ کیا تو پھر یہ قوم ایک بار پھر سڑکوں پہ آجائے گی۔ رہنماؤں نے کہا کہ آج طالبان سے مذاکرات کی باتیں ہو رہی ہیں، یہ وہی طالبان ہیں کہ جنہوں نے ملالہ یوسفزئی پر حملہ کیا، سکولوں پر حملے کرکے تباہ کر دیئے، قائداعظم بانی پاکستان کی رہائش گاہ پر حملہ کیا، مہمان سری لنکن ٹیم پر حملہ کیا، چند روز قبل سیاحوں پر حملہ کیا، مساجد پر حملہ کیا، مندروں پر حملے کئے، عیسائیوں کے چرچوں پر حملے کیے، اولیاء کے مزارات پر حملے کیے، داتا دربار پر حملہ کیا، عبداللہ شاہ غازی پہ حملہ کیا، مساجد کو نشانہ بنایا، امام بارگاہوں پر حملے کئے حتٰی کہ یونیورسٹیوں پر بھی حملے کئے۔

اُنہوں نے کہا کہ آج ان طالبان کی وجہ سے پاکستان کی دنیا بھر میں جگ ہنسائی ہو رہی ہے، اگر پاکستانی حکمرانوں کو ملکی سلامتی عزیز ہے تو ان ناسور طالبان کے خلاف فوجی آپریشن کرنا ہوگا۔ اُنہوں نے کہا کہ طالبان امریکہ کی پیداوار ہیں اور ملک میں دہشت گردی پھیلا کر امریکہ کو پاکستان میں لانا چاہتے ہیں، اگر ان کا قلع قمع نہ کیا گیا تو مادر وطن کی سلامتی خطرے میں پڑ سکتی ہے۔ ریلی کے شرکا میں قرارداد منظور کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کی ملک میں دہشت گردوں کیخلاف آپریشن کیا جائے اور جیلوں میں قید دہشت گردوں کو فوری طور پر سزائیں دی جائیں، تاکہ دوسرے عبرت حاصل کریں۔
خبر کا کوڈ : 277607
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش