0
Friday 28 Jun 2013 18:54

سنی اتحاد کونسل نے آج دہشت گردی کیخلاف ’’یوم امن ‘‘ منایا

سنی اتحاد کونسل نے آج دہشت گردی کیخلاف ’’یوم امن ‘‘ منایا
اسلام ٹائمز۔ آج سنی اتحاد کونسل کے زیراہتمام بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے تازہ واقعات سے اظہار نفرت کے لیے ملک گیر ’’یومِ امن‘‘ منایا گیا اور اہلسنّت کی تمام مساجد میں قتل ناحق کے خلاف اور انسانی جان کی حرمت کے حق میں خطباتِ جمعہ دیئے گئے اور علمائے اہلسنّت نے خطباتِ جمعہ میں قتل جیسے بدترین گناہ کی اسلامی سزاؤں سے عوام کو آگاہ کیا اور مذہب کے نام پر بے گناہوں کا خون بہانے والوں کی گمراہ کن تعبیرِ اسلام کا رَد پیش کیا۔ اس موقع پر جمعہ کے اجتماعات میں دہشت گردی کے خلاف اور امن کے حق میں قراردادیں بھی منظور کی گئیں اور قیام امن کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

اس سلسلہ میں سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے جامعہ رضویہ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قتل ناحق بدترین گناہ اور ناقابل معافی جرم ہے، پاکستان میں امن قائم کرنے والا ہی حقیقی لیڈر ہو گا، امن دشمن عناصر پاکستان کے غدار اور اسلام کے باغی ہیں، دہشت گرد مسلسل ریاست کی رِٹ کو چیلنج کر رہے ہیں، حکومت دہشت گردوں کے خلاف اعلانِ جنگ کرے۔ قوم امن و سکون کو ترس رہی ہے، سزائیں نہ ملنے کی وجہ سے دہشت گردوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔ سنی اتحاد کونسل کے سیکرٹری جنرل حاجی محمد حنیف طیب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف سوات طرز کا آپریشن کیا جائے اور دہشت گردی کا معاملہ پارلیمنٹ میں زیربحث لایا جائے اور دہشت گردی کے سدّ باب کے لیے ٹھوس قانون سازی کی جائے، حکومت نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی ذمہ داریاں محض مذمتی بیانات تک محدود رکھیں تو معاشرے میں شرپسند اور فسادی عناصر کو غالب آنے سے کوئی نہیں روک سکے گا۔

سنی اتحاد کونسل کے مرکزی فنانس سیکرٹری پیر محمد اطہر القادری نے محافظ ٹاؤن لاہور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد مذمت سے نہیں مرمت سے ختم ہوں گے، کراچی میں ہائیکورٹ کے جج پر حملہ دراصل انصاف پر حملہ ہے،پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے قیامِ امن ناگزیر ہے۔ یومِ امن کے موقع پر کراچی میں طارق محبوب، علامہ فیصل عزیزی، علامہ اشرف گورمانی، بھکر میں علامہ محمد شریف رضوی، اسلام آباد میں پیر فضیل عیاض قاسمی، سمندری میں مفتی محمد سعید رضوی، بوریوالہ میں پیر سیّد محمد اقبال شاہ، خانیوال میں شیخ محمد ذوالفقار رضوی، حافظ آباد میں بیرسٹر وسیم الحسن نقوی، پشاور میں علامہ فضل جمیل رضوی، گوجرانوالہ میں صاحبزادہ محمد داؤد رضوی، مولانا محمد اکبر نقشبندی، کوئٹہ میں پیر خالد سلطان قادری، فیصل آباد میں علامہ باغ علی رضوی، ملتان میں مولانا قاری فیض بخش رضوی، میانوالی میں علامہ منظور عالم سیالوی اور لاہور میں مفتی محمد حسیب قادری، مفتی محمد کریم خان، صاحبزادہ سیّد صابر گردیزی، مولانا قاری مختار احمد صدیقی، پیر ضیاء المصطفیٰ حقانی نے اجتماعات سے خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 277612
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش