QR CodeQR Code

جسٹس مقبول باقر پر بم دھماکے میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرلیں گے، چوہدری اسلم

29 Jun 2013 14:06

اسلام ٹائمز: ایس ایس پی سی آئی ڈی نے کہا کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف کام کرنے والے وہ اور ان جیسے پولیس افسروں کی آج حالت یہ ہے کہ نہ تو وہ شہر میں کسی بھی تقریب میں شرکت کر سکتے ہیں اور نہ ہی اپنے اہل خانہ کو پاکستان میں رکھ سکتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری محمد اسلم خان نے کہا ہے کہ برنس روڈ پر جسٹس مقبول باقر کے قافلے پر بم دھماکے میں ملوث ملزمان کا سراغ لگا لیا ہے بہت جلد ملزمان کو گرفتار کرلیں گے۔ آئی جی سندھ نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے ڈی آئی جی ساؤتھ اور ایڈیشنل آئی جی سی آئی ڈی کی سربراہی میں 2 ٹیمیں بنائی ہیں، ملزمان کو وہی ٹیم پکڑے گی جو دفتر سے باہر نکل کر کام کرے گی، میں نے موٹر سائیکل اچھی چلا کر نہیں، کام کرکے ترقی حاصل کی ہے۔ یہ بات انھوں نے اپنے آفس میں ایکسپریس نیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے بتائی۔ سی آئی ڈی انسداد انتہاء پسندی کے سربراہ نے بتایا کہ ملزمان کی ریکی شروع کرا دی گئی ہے۔

سی آئی ڈی کی ٹیم نے دن رات ایک کرکے ملزمان کا سراغ لگایا ہے، انھیں نہیں معلوم کہ ڈی آئی جی ساؤتھ کی سربراہی میں کام کرنے والی ٹیم کی تفتیش کس مرحلے پر ہے۔ انھوں نے کہا کہ جس پولیس افسر نے کالعدم تنظیموں کے خلاف کام کیا ہے وہ تنظیمیں اس پولیس افسر اور اس کی ٹیم کے دشمن بن جاتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کالعدم تنظیموں کے خلاف کام کرنے والے وہ اور ان جیسے پولیس افسروں کی آج حالت یہ ہے کہ نہ تو وہ شہر میں کسی بھی تقریب میں شرکت کر سکتے ہیں اور نہ ہی اپنے اہل خانہ کو پاکستان میں رکھ سکتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 277867

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/277867/جسٹس-مقبول-باقر-پر-بم-دھماکے-میں-ملوث-ملزمان-کو-جلد-گرفتار-کرلیں-گے-چوہدری-اسلم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org