QR CodeQR Code

پارا چمکنی کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کا دعویٰ

29 Jun 2013 18:40

اسلام ٹائمز: کرم ایجنسی کے علاقے پاڑا چمکنی کو دہشت گردوں سے پاک کر دیا گیا ہے جہاں آپریشن میں سیکورٹی فورسز کے 21 اہلکار جاں بحق ہونے کے ساتھ ساتھ لڑائی میں کم از کم 70 دہشت گرد بھی مارے گئے۔


اسلام ٹائمز۔ کرم ایجنسی میں پاک فوج کے آپریشن انچارج کرنل وسیم ظفر بھٹی نے میڈیا کو بریفنگ کے دوران کہا کہ پاڑا چمکنی کو نہ صرف دہشت گردوں سے پاک کرنے میں کامیاب ہو ئے ہیں بلکہ دوبارہ آباد کاری کاعمل بھی شروع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آپریشن 34 دنوں میں مکمل کیا گیا۔ خیبر ایجنسی کے علاقے میدان سے بھاگے ہوئے دہشت گردوں نے یہاں آکر حملہ کیا اور 6 اور 7 مئی کو اس علاقے میں داخل ہوئے۔

کرنل وسیم نے بتایا کہ شدت پسندوں نے علاقے میں داخل ہونے کے بعد لوگوں کے گھروں کو جلایا جس کے بعد 10 ہزار 830 خاندانوں نے نقل مکانی کی۔ پاک فوج کے آپریشن انچارج کا کہنا تھا کہ آپریشن میں 70سے 75دہشت گرد مارے گئے جن میں ازبک اور ترک مان بھی شامل تھے جبکہ اس کے علاوہ تقریباً 100 دہشت گرد زخمی بھی ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ آپریشن میں سیکیورٹی فورسز کے 21 اہلکار ہلاک اور 86 زخمی ہوئے اور گیارہ جون کو علاقے کو کلیئر کر دیا گیا۔

اس موقع پر اے پی اے کرم ایجنسی نعیم کا کہنا تھا کہ متاثرین کی رجسٹریشن کا عمل شروع ہو گیا ہے اور اسے 3 مراحل میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ متاثرین کی واپسی کا عمل جاری ہے جس کے فیز ون اور ٹو مکمل ہو چکے ہیں اور 6 ہزار700 خاندان واپس آ چکے ہیں جبکہ تیسرا مرحلہ اگلے ہفتے تک مکمل ہو جائیگا۔ نعیم نے کہا کہ 6 ہزار700 خاندانوں کی کل واپسی ہوئی ہے جبکہ مزید خاندانوں کی واپسی جاری ہے ۔


خبر کا کوڈ: 277966

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/277966/پارا-چمکنی-کو-دہشت-گردوں-سے-پاک-کرنے-کا-دعوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org