0
Sunday 30 Jun 2013 00:31

حکومت آئی ایم ایف کی فرمائشیں پوری کرنے کے بجائے عوام پر رحم کرے، ڈاکٹر معراج الہدیٰ

حکومت آئی ایم ایف کی فرمائشیں پوری کرنے کے بجائے عوام پر رحم کرے، ڈاکٹر معراج الہدیٰ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے موجودہ حکومت کی جانب سے ایک بار پھر ظلم و ناانصافیوں کی چکی میں پسنے والے عوام پر پیٹرول بم گرانے کی تیاری پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے غریب عوام پر ظلم اور حکومتی دعوں اور وعدوں کی سراسر نفی قرار دیا ہے۔ انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستانی قوم کو موجودہ حکومت سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں کہ وہ نہ صرف ملک سے کرپشن کا خاتمہ، لوٹی ہوئی قومی دولت کی واپسی، توانائی بحران کے خاتمے، گوڈ گورننس قائم، بلکہ مہنگائی کے جن کوقابو کرنے کے لئے ٹھوس قدم اٹھا کر عوام کے زخموں پر مرہم رکھے گی مگر پہلے بجٹ میں جی ایس ٹی کے اضافہ سے لیکر عوام پر پیٹرل بمباری کی تیاریوں تک عوام کو موجودہ حکومت سے سخت مایوسی ہوئی ہے کیونکہ قیمتوں میں اضافہ کا سارا بوجھ عام آدمی کی ہی جیب پر پڑتا ہے۔ کمر توڑ مہنگائی، بیروزگاری، بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ نے پہلے ہی عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔
 
ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ رمضان کے بابرکت مہینہ کی آمد سے پہلے ہی منافعہ خور تاجروں نے روزمرہ کی استعمال میں آنے والی اشیا کی قیمتوں کو آسمان پر پہنچا دیا ہے۔ مرغی کا گوشت، دودھ سے لیکر سبزی اور ٹماٹر تک کو غریب آدمی کی قوت خرید کی پہنچ سے دور کر دیا ہے جس کی وجہ سے عام آدمی کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔ صوبائی امیر نے مزید کہا کہ حکومت کی مشکلات کا پوری قوم کو بخوبی اندازہ ہے مگر حکمرانوں کو بھی آئی ایم ایف کی فرمائش کو پورا کرنے کے بجائے عوام کی حالت زار پر رحم اور قوم سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کے لئے اقدامات کرنے چاہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پیٹرل کی قیمتوں میں اضافہ کے فیصلے پر نظرثانی، مہنگائی کے خاتمے، قیمتوں پر کنٹرول اور عام آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لئے موثر منصوبہ بندی کی جائے۔
خبر کا کوڈ : 278034
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش