QR CodeQR Code

آئی ایم ایف کی کوئی شرط مانی ہے اور نہ آئندہ مانیں گے

پاکستان ایران گیس پائپ لائن پر کسی کا دباﺅ برداشت نہیں کرینگے، اسحاق ڈار

30 Jun 2013 11:22

اسلام ٹائمز: لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت کی اوّلین ترجیح ملک میں معیشت کو مضبوط اور توانائی کے بحران کو ختم کرنا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملکی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا، آئی ایم ایف کی کوئی ایسی شرائط تسلیم نہیں کریں گے جس سے ملک میں مسائل پیدا ہوں، پاکستان ایران گیس پائپ لائن پر کسی کا دباﺅ برداشت نہیں کرینگے، بھارت پاکستان کو 1500 سے 2000 ہزار میگاواٹ بجلی دینے کے لئے تیار ہے مگر بجلی لینے یانہ لینے کا فیصلہ قومی مفاد پیش نظر رکھ کر کیا جائیگا،رمضان المبارک میں حکومت سپیشل پیکیج دے گی،حکومت کی اولین ترجیح معیشت کو مضبوط اور توانائی کے بحران کو ختم کرنا ہے، بجٹ میں غریب آدمی پر ٹیکس نہیں لگایا، ٹیکس اصلاحات کی جا رہی ہیں، تاکہ جو لوگ ٹیکس دے سکتے ہیں ان سے ضرور لیا جائے گا۔ وہ داتا دربار لاہور میں اجلاس کی صدارت کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اجلاس میں رمضان المبارک کے دوران داتا دربار میں سحری اور افطاری کے انتظامات سمیت مختلف امور پر مشاورت کے بعد حکمت عملی تیار کی گئی۔ 
وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت نے جب اقتدار سنبھالا تو ملک معاشی طور پر انتہائی کمزور اور مسائل کا شکار تھا، لیکن ہم نے انتہائی تھوڑے عرصے میں ملک کو معاشی طور پر مضبوط کرنے اور بجلی سمیت دیگر مسائل کے خاتمے کیلئے ایسے اقدامات کئے ہیں، جس سے نہ صرف عام آدمی کی مشکلات میں کمی ہوگی بلکہ یہ معاشی طور پر مضبوط ہوگا غیر ملکی سرمایہ کاری بھی آئیگی۔ ہم پاکستان کے قرضے کم کرنا چاہتے ہیں۔ حکو مت تمام فیصلے ملک اور قوم کے مفاد میں کریگی، ہم نے پہلے آئی ایم ایف کی کوئی شرط مانی ہے اور نہ آئندہ مانیں گے۔ ملکی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، حکومت کی اوّلین ترجیح ملک میں معیشت کو مضبوط اور توانائی کے بحران کو ختم کرنا ہے۔


خبر کا کوڈ: 278104

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/278104/پاکستان-ایران-گیس-پائپ-لائن-پر-کسی-کا-دباﺅ-برداشت-نہیں-کرینگے-اسحاق-ڈار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org