0
Tuesday 8 Jun 2010 09:44

دہشت گردی اور منشیات کے خلاف فیصلہ کن جنگ کی جائے گی،پاکستان،ترکی اور افغانستان کا عزم

دہشت گردی اور منشیات کے خلاف فیصلہ کن جنگ کی جائے گی،پاکستان،ترکی اور افغانستان کا عزم
استنبول:اسلام ٹائمز-جنگ نیوز کے مطابق پاکستان،افغانستان اور ترکی نے دہشت گردی،انتہا پسندی اور منشیات کے خلاف فیصلہ کن جنگ کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کو انسانیت کے خلاف جرم قرار دیا اور فیصلہ کیا ہے کہ سیکورٹی اور انٹیلی جنس اداروں کے درمیان تعاون کو فروغ اور تینوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان مشترکہ جنگی مشقوں اور تربیت کا اہتمام کیا جائے گا۔ پاکستان،افغانستان اور ترکی کے وزرائے خارجہ کی سطح پر سہ فریقی اجلاس کے بعد مشترکہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں ترک وزیر خارجہ احمد داوٴد ادعلو،افغان وزیر خارجہ ڈاکٹر زالمے رسول اور پاکستان کے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے شرکت کی۔اجلاس میں ارکان پارلیمنٹ، اعلیٰ حکومتی اہلکاروں،مسلح افواج اور انٹیلی جنس ارکان سمیت تاجروں کے درمیان رابطے بڑھانے اور تجارت و معیشت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا اور سفارش کی ہے کہ تینوں ملکوں کے صدور کی ملاقات کا آئندہ سال کے شروع میں اہتمام کیا جائے۔
مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستانی قبائلی علاقوں میں پاک فوج کے کامیاب آپریشن کے باعث طالبان کے بعض اہم کمانڈر پاک افغان سرحد سے فرار ہو گئے ہیں۔شاہ محمود نے مزید کہا کہ دہشت گردی،منظم جرائم،منشیات اور منی لانڈرنگ جیسے مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے،جن پر قابو پانے کیلئے پاکستان کے عوام کو مشترکہ طور پر کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ اس جمہوری دور میں پاکستان کے عوام نے مشترکہ طور پر دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جدوجہد کرنے کا عزم کر رکھا ہے اور پاکستانی عوام کے اس عزم اور کوششوں کے نتیجے میں اس جنگ میں کامیابی آخر کار عوام ہی کو حاصل ہو گی۔اجلاس میں اس عزم کا بھی اظہار کیا گیا کہ افغانستان میں امن اور استحکام کیلئے مل کر کام کریں گے،مجوزہ کابل کانفرنس،پارلیمانی انتخابات اور طویل مدت استحکام و تعمیر نو میں بھرپور تعاون کیا جائیگا جبکہ فریڈم فلوٹیلا پر اسرائیلی جارحیت کو بین الاقوامی قانون کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔



خبر کا کوڈ : 27821
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش