0
Tuesday 2 Jul 2013 11:08

امریکہ 39 ملکوں کے سفارتخانوں کی جاسوسی کرتا رہا، برطانوی میڈیا کا انکشاف

امریکہ 39 ملکوں کے سفارتخانوں کی جاسوسی کرتا رہا، برطانوی میڈیا کا انکشاف
اسلام ٹائمز۔ برطانوی میڈیا نے انکشاف کیا ہے امریکہ 39 ملکوں کے سفارت خانوں کی جاسوسی کرتا رہا ہے۔ فرانس، جرمنی اور یورپی یونین کا کہنا ہے کہ الزام سچ نکلا تو امریکہ کو جواب دینا ہوگا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق امریکی ایجنسی نے 39 سفارت خانوں اور مشنز کی جاسوسی کی۔ اقوام متحدہ میں فرانس اور جرمنی کے مشنز کی نگرانی کی گئی۔ واشنگٹن میں اٹلی کے سفارت خانے کی بھی جاسوسی ہوتی رہی۔ رپورٹ کے مطابق جن ملکوں کی جاسوسی ہوئی ان میں جاپان، جنوبی کوریا، ترکی اور بھارت بھی شامل ہیں۔ امریکی ایجنسی نے واشنگٹن میں یورپی یونین کے دفتر کے کمپیوٹر نیٹ ورکس کی جاسوسی کی۔ اقوام متحدہ کی عمارت میں یورپی یونین کے دفاتر سے بھی معلومات حاصل کی جاتی رہیں۔ فرانس، جرمنی اور یورپی یونین نے یہ رپورٹ سامنے آنے پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ فرانس کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ خفیہ نگرانی کا یہ عمل ان کے لیے قطعی ناقابل قبول ہوگا۔ جرمنی کی وزیر انصاف نے کہا ہے یہ سرد جنگ کی یاد دلانے والا رویہ ہے۔ یورپی پارلیمنٹ کا کہنا ہے کہ اگر الزام سچ ہوا تو امریکہ کو بہت سی چیزوں کا جواب دینا ہوگا۔ امریکی حکومت نے کہا ہے وہ سفارتی ذرائع سے ان الزامات کا جواب دے گی۔

دیگر ذرائع کے مطابق متعدد یورپی ملکوں نے عالمی جاسوسی پروگرام میں امریکہ کا ساتھ دیا ہے۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق تجزیہ نگار وین میڈسن نے کہا ہے کہ ڈنمارک، ہالینڈ، فرانس، جرمنی، سپین، اٹلی اور برطانیہ نے امریکہ کے عالمی جاسوسی سرگرمیوں میں خفیہ طور پر امریکہ کا ساتھ دیا ہے۔ یہ ممالک شہریوں کی نجی معلومات امریکہ کی نیشنل سکیورٹی ایجنسی کو فراہم کرتے تھے۔ میڈسن نے گفتگو میں کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ سارے ممالک ایک دوسرے کی جاسوسی کر رہے ہیں اور تعجب اس بات پر ہے کہ جرمن چانسلر نے امریکی جاسوسی پروگرام میں برطانیہ کی شمولیت پر حیرانی کا اظہار کیا تھا جبکہ خود جرمنی امریکہ کے ساتھ جاسوسی میں ملوث ہے۔ واضح رہے کہ امریکہ خود اپنے شہریوں اور دنیا کے مختلف ملکوں کے خلاف وسیع پیمانے پر جاسوسی کر رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 278761
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش