QR CodeQR Code

پنجاب یونیورسٹی لاہور، اسلامی جمعیت طلبہ کے عہداروں کا اساتذہ پر تشدد

2 Jul 2013 20:41

اسلام ٹائمز:اساتذہ فرائض منصبی میں مصروف تھے، جمعیت کے عہدیداروں نے دفتری معاملات میں مداخلت کی انکار پر عہدیداروں نے تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، اکیڈمک سٹاف ایسوسی ایشن کی جانب سے واقعہ کی مذمت اور کارروائی کا مطالبہ۔


اسلام ٹائمز۔ پنجاب یونیورسٹی میں اسلامی جمعیت طلبہ کے کارکنوں نے ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افئیر شاہد گل، اسٹیٹ آفیسر رانا شکور اور ایک انتظامی عہدیدار کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔ یونیورسٹی کے اساتذہ اپنے منصبی امور کی انجام دہی میں مصروف تھے کہ جمعیت کے کارکنوں نے یونیورسٹی معاملات میں دخل اندازی کی جس پر اساتذہ نے جمعیت کے عہدیداروں کا ناجائز کام کرنے سے انکار کر دیا تو عہدیداروں نے روحانی باپ کے تقدس کو بالائے طاق رکھتے ہوئے انہیں تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

پنجاب یونیورسٹی اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن نے اسلامی جمعیت طلبہ کی جانب سے ڈائریکٹر سٹوڈنٹس افئیر شاہد گل، اسٹیٹ آفیسر رانا شکور اور ایک انتظامی عہدیدار کو تشدد کا نشانہ بنائے جانے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ آسا کے ممبران نے کہا کہ یہ تنظیم پہلے بھی ایسی غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث رہی ہے جس سے نہ صرف طلبہ بلکہ اساتذہ و ملازمین میں بھی ان کے خلاف نفرت بڑھتی جا رہی ہے۔

انہوں نے پنجاب یونیورسٹی انتظامیہ بالخصوص وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسلامی جمعیت طلبہ کے پرتشدد رویے کا نوٹس لیں اور ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعہ میں ملوث لڑکوں کو یونیورسٹی سے فارغ کیا جائے تاکہ پنجاب یونیورسٹی کے امن دوست ماحول کو برقرار رکھا جا سکے۔ اساتذہ کا کہنا تھا کہ جمعیت کے عہدیداروں نے اساتذہ کے ساتھ بدتمیزی کو اپنا معمول بنا لیا ہے اور اپنے ناجائز کام کروانے کیلئے اساتذہ کی تذلیل کرتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 278985

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/278985/پنجاب-یونیورسٹی-لاہور-اسلامی-جمعیت-طلبہ-کے-عہداروں-کا-اساتذہ-پر-تشدد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org