QR CodeQR Code

پاکستان ہمارے ہتھیار بھارت کے خلاف استعمال نہ کرے،امریکا نے یقین دہانی طلب کر لی

9 Jun 2010 07:03

اسلام ٹائمز:رابرٹ بلیک نے کہا ہے کہ امریکا مسلسل اس بات پر زور دیتا رہا ہے کہ پاکستان کیلئے یہ بہت ضروری ہے کہ وہ نہ صرف بھارت بلکہ امریکا کو نشانہ بنانے والے انتہاپسند گروپوں کیخلاف کارروائی کرے


واشنگٹن:اسلام ٹائمز-جنگ نیوز کے مطابق جنوبی ایشیا کیلئے امریکا کے نائب وزیر خارجہ رابرٹ بلیک نے کہا ہے کہ امریکا کی پاکستان پالیسی کو بھارت کی حمایت حاصل ہے،بھارت یہ سمجھتا ہے کہ پاکستان میں امن و استحکام لانے میں ہمارا مشترکہ مفاد وابستہ ہے۔اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے بلاگ فورم میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ کسی بھی طرح کا اتار چڑھاؤ بھارت کے مفاد میں نہیں ہو گا،پاکستان کی اقتصادی امداد کے مقابلے میں اس کی فوجی مدد کے حوالے سے بھارت کم پرجوش ہے،کیونکہ میرے خیال سے بھارت کو اس بات کا ادراک ہے کہ ہم پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی صلاحیتوں کو بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں اور امریکا پاکستان سے یہ یقین دہانی چاہتا ہے کہ وہ امریکا سے ملنے والے ہتھیار بھارت کے خلاف استعمال نہیں کرے گا۔
 رابرٹ بلیک نے مزید کہا کہ امریکا مسلسل اس بات پر زور دیتا رہا ہے کہ پاکستان کیلئے یہ بہت ضروری ہے کہ وہ نہ صرف بھارت بلکہ امریکا کو نشانہ بنانے والے انتہاپسند گروپوں کیخلاف کارروائی کرے،بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا اور ان کے پاکستانی ہم منصب شاہ محمود قریشی کی مجوزہ ملاقات کے دوران دہشت گردی کے موضوع پر توجہ مرکوز کی جائے گی اور اس ضمن میں پاکستان نئی دہلی کو ممبئی حملوں کے حوالے سے عمل میں لائی گئی کارروائی کی تفصیلی معلومات فراہم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ امریکا پاک بھارت مذاکرات کی حمایت کرتا ہے،لیکن اسلام آباد کو ممبئی حملوں کی سازش تیار کرنے والے لوگوں کے خلاف کارروائی عمل میں لانی چاہئے،لشکر طیبہ سمیت بھارت مخالف جہادی تنظیموں کو قابو کرنے کے اقدامات اٹھانے چاہئیں۔اس سے پہلے کہ یہ تنظیمیں دوبارہ کوئی منظم کارروائی کریں۔
 رابرٹ بلیک کا کہنا تھا کہ امریکا جنوبی ایشیا کے دونوں پڑوسی ممالک یعنی بھارت اور پاکستان میں قیام امن میں دلچسپی رکھتا ہے تاہم سوال یہ ہے کہ ممبئی حملوں میں ملوث مشتبہ افراد کے خلاف کارروائی کے سلسلے میں کوئی پیشرفت کی جائے۔جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ آیا وائٹ ہاؤس بھارت اور پاکستان کے درمیان کشمیر مسئلہ حل کرانے میں کسی قسم کی معاونت کر رہا ہے؟ تو رابرٹ بلیک نے کہا کہ امریکا مذاکرات کی حمایت کرتا ہے،لیکن دونوں ملکوں کے مابین کسی تنازع پر براہ راست مداخلت نہیں کرتا۔لیکن پاکستان اور بھارت کے درمیان تنازع کی اصل وجہ اب مسئلہ کشمیر نہیں رہا۔


خبر کا کوڈ: 27903

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/27903/پاکستان-ہمارے-ہتھیار-بھارت-کے-خلاف-استعمال-نہ-کرے-امریکا-نے-یقین-دہانی-طلب-کر-لی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org