1
0
Thursday 4 Jul 2013 22:42

اسکردو میں اسد عاشورا 6 جولائی کو منایا جائیگا

اسکردو میں اسد عاشورا 6 جولائی کو منایا جائیگا
رپورٹ: محمد میثم بلتی 

حضرت امام حسین (ع) کا انتخاب اللہ تعالٰی نے اپنے دین کی دائمی بقا کی خاطر فرمایا اور امامِ عالی مقام نے اللہ تعالٰی کی جانب سے دی گئی اس ذمہ داری کو یوں نبھایا کہ رہتی دنیا تک اللہ کا مقبول دین محفوظ کر دیا۔ 10 محرم 61 ھجری کی صبح تک حدیث کے تحت امام حسین (ع) اپنے نانا (ص) سے تھے اور اسی خون آشام شام کے بعد نانا (ص) کی پہچان، حسین (ع) کے ذریعے سے ہی ممکن ہو پائی۔ امام حسین (ع) نے تپتی ہوئی زمین کو سجدے سے سجا کر اور نوکِ نیزہ پر کلامِ الہی کو سنا کر نانا سے کئے ہوئے وعدے کو نبھایا اور دینِ الہی کو تا شامِ قیامت سرفراز کر دیا۔ شامِ غریباں کے ہنگامہ کے بعد آپکے فرزند حضرت علی زین العابدین (ع) اور آپکی ہمشیرہ ج حضرت زینب (س) نے آپکے مشن کا بار اپنے کاندھوں پر سنبھالا اور اپنے معرکةالآرا خطبات کے ذریعے سے جہاں باطل کو بےنقاب کیا، وہیں مردہ ضمیروں کو جھنجھوڑ کر غمِ حسین (ع) منانے کی ایسی داغ بیل ڈالی، جسکا سلسلہ کل کائنات میں چودہ صدیوں سے ہنوز اسی شان و شوکت سے جاری ہے اور انشاءاللہ تا قیامت جاری رہے گا۔

دنیا کے ہر گوشے میں موجود ہر باضمیر قوم اپنے محسنین کی یاد اپنے اپنے انداز میں مناتی ہے۔ عموماً کربلا کی یاد دنیا کے طول و عرض میں ماہِ محرم میں منائی جاتی ہے، مگر پاکستان کے شمالی منطقہ بلتستان میں اس عظیم واقعے کو شمسی تقویم کے تحت اسد کے مہینے میں بھی منایا جاتا ہے۔ اس مظہر کا تاریخی پسِ منظر کچھ یوں ہے کہ کشمیر اور شمالی علاقہ جات تمام سال سردی کی لپیٹ میں رہتے ہیں اور عموماً ان علاقوں میں ماہِ محرم سردی کی شدت کے ایام میں آتا ہے۔ ان علاقوں کے مذہبی رہنماوں اور علمائے کرام نے عوام کی باہمی مشاورت سے ان ایام کو شمسی تقویم کے تحت ہجری تقویم کے ساتھ گرمی کے موسم میں بھی منانے کا فیصلہ کیا۔ چونکہ محرم کا واقعہ شمسی تقویم میں ماہِ اسد میں پیش آیا تھا، چنانچہ کشمیر میں محرم کے علاوہ اسد میں بھی ایامِ عزاء منانے کے رواج نے فروغ پایا۔ یوں یہ سلسلہ کشمیر سے چل کر بلتستان آیا اور تقریباً ایک صدی سے یہ عشرہ اسد تمام بلتستان میں مذہبی جوش و جذبے اور دینی حمیت کے ساتھ منایا جاتا ہے۔

امسال اسد عاشورا 6 جولائی کو منایا جائے گا۔ اس سلسلے میں اسکردو پولیس اسد مجالس اور عاشورا کی سکیورٹی کیلئے خصوصی انتظامات کرے گی اور فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کیلئے خصوصی سکیورٹی پلان ترتیب دے رہی ہے۔ اس سلسلے میں اسکردو پولیس کا ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسد مجالس کے دوران امام بارگاہوں، خانقاہوں اور جلوس کی گزرگاہوں پر سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کرنے اور ضلع کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت ترین حفاظتی بندوبست کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
خبر کا کوڈ : 279689
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

Pakistan
خدا سلامت رکھیں
متعلقہ خبر
ہماری پیشکش